سرکاری اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کا پاکستان پینشنر ز فورم کے تحت اپنے مطالبات کے حق میں کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

حکومت نے بجٹ سے قبل ہمارے مطالبات اور ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے غور نہ کیا تو ملک بھر میں شدید احتجا ج کیا جائیگا ، مظاہرین

پیر 22 مئی 2017 21:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) سرکاری اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین نے پاکستان پینشنر ز فورم کے تحت اپنے مطالبات کے حق میں پیر کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت فورم کے صدر پروفیسر سید طاہر علی جعفری و دیگر کررہے تھے ۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کی منظوری کے حق میں مختلف نعرے درج تھے ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ریاست کو پابند کرتا ہے کہ بزرگ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے لیکن حکومت بزرگ شہریوں او ر پینشنرز کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے ، حکومت اپنی زمہ داری پوری کرے اور سندھ حکومت کو چاہیے کہ بلوچستان حکومت کی طرح ریٹائرڈ ملازمین کو انشورنس کی رقم بھی ادا کرے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت2017-18کے بجٹ میں ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں50 فیصد اور میڈیل الائونس کی مد میں100فیصد اضافہ کا اعلان کرے۔

تمام سرکاری و غیر سرکاری ریٹائرڈ ملازمین کے لیے سینئر سٹیزن کارڈ کا اجراء کیا جائے اور مراعات کا حصول یقینی بنایا جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے بجٹ سے قبل ہمارے مطالبات اور ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے غور نہ کیا تو ملک بھر میں شدید احتجا ج کیا جائیگا اور ممکنہ طو ر پر اسلام آباد میں اجلاس طلب کرکے آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :