وزیر ریلوے کی ملک کے مصروف علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر ماڈل کھوکھا بازار قائم کرنے کا پلان تیار کرنیکی ہدایت

ریلوے کی کمپنیاں یہ پلان ریل کاپ اور ریڈیمکو کے علاوہ پراپرٹی اینڈ لینڈ ڈیپارٹمنٹ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر تیار کریں ، اس پلان کے ذریعے نہ صرف پاکستان ریلویز ملک بھرمیں لاکھوں خاندانوں کو روزگار کی فراہمی میں معاون ہوگا، سعد رفیق کااجلاس سے خطاب

پیر 22 مئی 2017 22:07

وزیر ریلوے کی ملک کے مصروف علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر ماڈل کھوکھا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملک بھر کے شہروں کے مصروف علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر ماڈل کھوکھا بازار قائم کرنے کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کی کمپنیاں یہ پلان ریل کاپ اور ریڈیمکو کے علاوہ پراپرٹی اینڈ لینڈ ڈیپارٹمنٹ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر تیار کریں ، اس پلان کے ذریعے نہ صرف پاکستان ریلویز ملک بھرمیں لاکھوں خاندانوں کو روزگار کی فراہمی میں معاون ہوگابلکہ اپنی زمینوں کا تحفظ کرتے ہوئے آمدن میں بھی اضافہ کرسکے گا، ماڈل کھوکھا بازاروں سے شہروں کی مصروف سٹرکوں پر تجاوزات میں کمی آئے گی، شہریوں کو بھی صاف ستھرے ڈیزائن کئے گئے بازاروں سے اشیاء سستے داموں مہیا ہوسکیں گی۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو ریلوے کی زمینوں پر تہہ بازاری کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹرپراپرٹی اینڈ لینڈ ریلوے ارشدسلام خٹک نے مجوزہ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیئرپرسن مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلویز محمدجاوید انور ، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبرفنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچر ہمایوں رشید اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریلوے کی زمینوں پر قائم ہوئے چھوٹی اور بڑی صنعتوں بارے پالیسی کی منظوری دی گئی جس کے تحت ان کارخانوں سے نہ صرف آئندہ وصولی کی جائے گی بلکہ پچھلے پندرہ سال کے بقایا جات بھی لیے جائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی قیمتی زمین عارضی بازاروں کے لیے مقامی بااثرافراد کے حوالے نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب میں محکمہ بلدیات کے ساتھ ریلوے کی زمینوں پر ماڈل بازار بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے اور پھر اس ماڈل کو سندھ اور خیبر پختونخواہ سمیت پورے ملک میں لے جایاجائے۔

خواجہ سعد رفیق کو بتایا کہ ان کی منظور کردہ پالیسی کے مطابق ریلوے کی زمینوں پر کار اور موٹر سائیکل پارکنگ کی سہولت دی جارہی ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ماڈل بازاروں کے لیے پہلے مرحلے میں صرف کلوزڈ سیکشنوں پر جگہوں کی نشاندہی کی جائے اور ریلوے لائنوں کے قریب ایسی منصوبہ بندی کرتے ہوئے انسانی زندگیوں کے تحفظ اور ٹرین آپریشن کو مدِنظررکھاجائے۔(ار)