اسلام آباد، وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت خریدی گئی سکول بس حادثہ کا شکار، بلاکس توڑتی ہوئی گرین بیلٹ پر چڑھ گئی ،طلبہ محفوظ

پیر 22 مئی 2017 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) وفاقی دارالحکومت کے علاقے راول چوک کے قریب وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت خریدی گئی سکول بس کو بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ،بس سڑک کے ساتھ رکھے گئے کنکریٹ کے بلاکس توڑتی ہوئی گرین بیلٹ میں گھس گئی، سکول بس میں سوار مستقبل کے ننھے معمار محفوظ رہے ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو راول ڈیم کے قریب جی سیون ٹو کمپری ہنسیو سکول کی بس کو حادثہ پیش آ گیا، بس سڑک کے ساتھ رکھے گئے کنکریٹ کے بلاکس توڑتی ہوئی گرین بیلٹ میں گھس گئی، سکول بس میں 45 کے قریب بچے سوار تھے، خوش قسمتی سے تمام بچے حادثے میں محفوظ رہے۔

حادثے کے بعد بچے شدید خوفزدہ ہو گئے اور انہوں نے چیخنا چلانا شروع کر دیا۔ سکول بس کے ڈرائیور نے موقف اپنایا کہ حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جی سیون ٹو کمپری ہنسیو سکول کی بس بھارہ کہو اور بری امام سے بچوں کو لے کر آ رہی تھی،بس وزیراعظم کے تعلیمی ریفارمز پروگرام کے تحت ایک ماہ پہلے خریدی گئی 70 بسوں میں سے ایک ہے جو اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کو دی گئی ہیں۔ حادثے کے مطابق متعلقہ اسکول کے پرنسپل اور وائس پرنسپل موقع پر پہنچ گئے اور دوسری بس کے ذریعے بچوں کو سکول میں منتقل کیا جبکہ بعض بچوں کو ان کے والدین جائے حادثہ سے واپس گھر لے گئے۔ (ار)

متعلقہ عنوان :