فاٹا خیبرپشتونخوا میں ضم ہوکر رہے گا، پشتونوں کی وحدت کی باتیں کرنیوالے پشتونوں کے درمیان انگریزوں کی کھینچی گئی لکیر وں کا دفاع کررہے ہیں

صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی اصغر خان اچکزئی کا خطاب

پیر 22 مئی 2017 22:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہاہے کہ فاٹا خیبرپشتونخوا میں ضم ہوکر رہے گا،یہ عجیب بات ہے کہ جو لوگ پشتونوں کی وحدت کی بات کرتے ہیں وہ پشتونوں کے درمیان انگریزوں کی کھینچی گئی لکیر وں کا دفاع کررہے ہیں ،تمام سیاسی کارکنوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ فکر باچاخان سے رجوع کرتے ہوئے ہمارے ساتھ شامل ہوں ،پی ٹی آئی کے جلسے میں اس سرزمین کے لوگوں سے جو رویہ اپنایاگیا اس سے صاف ظاہر ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے علاوہ اور کسی جماعت میں پشتونوں کی عزت محفوظ نہیں ۔

وہ بروز پیر کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔پریس کانفرنس میں مصطفی خان اچکزئی اور ولی خان اچکزئی کی عوامی نیشنل پارٹی میں تحریک انصاف اور پشتونخوامیپ سے مستعفی ہوکر شمولیت کااعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی ،حاجی نظام الدین کاکڑ ،امیر علی آغا ،ملک عثمان اچکزئی ،رشید خان ناصر ،مابت کاکا ،سید عبدالباری آغا ،عصمت اللہ بازئی اوراے این پی کے دیگر صوبائی قائدین بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف ضلع قلعہ عبداللہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری خزانہ مصطفی خان اچکزئی اور پشتونخوامیپ کے مرکزی جرگہ ممبر ولی خان اچکزئی ودیگر نے دونوں پارٹیوں کے 10یونٹوں کے سیکرٹریز ومکمل کابینہ سمیت سابق پارٹیوں سے مستعفی ہوکر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کااعلان کیااور کہاکہ ملک بھر میں حکمرانوں نے عوام بالخصوص پشتونوں کو دیوار سے لگا کر ان کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ،پشتونوں کی نسل کشی کے بعد اب ان کی معاشی قتل عام کے منصوبوں پر عمل شروع ہواہے ،انہوں نے کہاکہ قوم کو درپیش قومی ،معاشی مسائل پر واحد عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت نے آواز اٹھائی ہے ،انتہاپسندی ،دہشت گردی اور قومی نابرابری کے خلاف امن اور سماجی انصاف کے حصول کیلئے جرأت مندانہ موقف اختیار کرنے پر ہم اپنے 57ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کااعلان کرتے ہیں اور فکر باچاخان کو پشتون قوم میں پھیلانے کیلئے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے جدوجہد جاری رکھیںگے ،اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے شامل ہونیوالوں کو خوش آمد یدکہتے ہوئے کہاکہ لوگوں کا جوق درجوق فکر باچاخان سے رجوع کرنا ہمارے لئے حوصلہ افزاء ہے ،بہت جلد پشتون قوم میں باچاخان کے سرخ جھنڈے کے علاوہ کسی دوسری پارٹی کا جھنڈا دکھائی نہیں دے گا،کیونکہ رفتہ رفتہ تمام لوگوں کو پتہ چل رہاہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ہی ان کی قومی جماعت ہے وہ تمام سیاسی کارکن جو مایوس ہوکر سائیڈ لائن ہیں انہیں چاہئے کہ وہ آکر ہمارے ساتھ شامل ہوں ،پی ٹی آئی کے جلسے میں اس سرزمین کے لوگوں کے ساتھ جوکچھ ہوا جو رویہ اپنایاگیا وہ سب کیلئے افسوسناک ہے آپ کی عزت اور آپ کی سیاست فکر باچاخان میں محفوظ ہے ،انہوں نے کہاکہ ہم تمام پشتونوں کو ایک وحد ت میں لانے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ،فاٹا سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اصغرخان اچکزئی کاکہناتھاکہ یہ عجیب بات ہے کہ وہ لوگ جو پشتونوں کی وحدت کی بات کرتے ہیں وہ فاٹا کے خیبرپشتونخوا میں انضمام کے مخالف ہے وزیراعظم نوازشریف وعدہ خلاف ثابت ہوئے ہیں ،انہوں نے خان عبدالولی خان سے پشتونوں کے صوبے کے نام کا وعدہ کیامگر مکر گئے وہ مدینہ منورہ میں اپنے وعدے سے مکر گئے تھے فاٹا کے حوالے سے سرتاج عزیز کی سربراہی میں جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس پر اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں اور قبائلی عوام نے تحفظات کااظہار کیا تھا آج وہی کمیٹی فاٹا کے لوگوں سے ملنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ اگر مصیبت سے نکلناہے اور حالات بہتر کرنے ہے تو اس کیلئے فاٹا کا پشتونخوامیں انضمام لازم ہے ،عجیب بات ہے کہ جو لوگ پشتونوں کی وحدت کی بات کرتے ہیں وہ انگریز کی کھینچی گئی لکیروں کا دفاع کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ فاٹا کے نمائندے شاہ جی گل آفریدی اور شہاب الدین خان خود ٹی وی ٹاک شو میں کہہ چکے ہیں کہ اسٹبلشمنٹ فاٹا کے خیبرپشتونخوا میں انضمام کی مخالف ہے کیا لوگ یہ سوال نہیں اٹھائینگے کہ کہیں مولانافضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی اسٹیبلشمنٹ کی ایماء پر تو فاٹا انضمام کے مخالف نہیں ،انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد کی ہے پشتونوں کے صوبے کانام ہو کالا باغ ڈیم کا ایشو حتیٰ کہ صوبائی خودمختاری کے حوالے سے بھی ہم نے اپنا کرداراداکیا 18ویں ترمیم کے بعد کسی حد تک صوبوں کو صوبائی خودمختاری مل گئی ہے یہ سال ڈیڑھ سال بھی گزر جائیگا اور اس کے بعد فاٹا خیبرپشتونخوامیں ہوکر رہے گا۔

متعلقہ عنوان :