24مئی کو شاہراہ فیصل پر احتجاجی دھر نا ہو گا ،کے الیکٹرک کو قبلہ درست کر نا ہو گا ۔حافظ نعیم الرحمن

گورنرسندھ کوئی کردار ادا کریں یا نہ کریں عوامی طاقت اور پر امن احتجاج سے مسئلہ حل کر انے کی ہر ممکن کوشش کریں گے واضح ہو گیا کہ یا تو گورنر سندھ کی رٹ موجود نہیں یا وہ مسئلہ حل کر انے میں دلچسپی نہیں رکھتے

پیر 22 مئی 2017 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے مسئلے کے حل کے لیے گورنر سندھ کی یقین دہانی کی مدت پوری ہو نے کے بعد پیدا ہو نے والی صورتحال سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یا تو گورنر سندھ کی کوئی رٹ موجود نہیں ہے یا وہ مسئلہ کرانے میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔گورنر سندھ کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک کی لوٹ مار ،ظلم و زیادتیوں ،اووربلنگ اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے میں اپنا کوئی کردار ادا کریں یا نہ کریں جماعت اسلامی عوامی طاقت اور پر امن جمہوری احتجاج کے ذریعہ مسئلہ حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی ۔

جب تک کراچی کے عوام کو ریلیف نہیں مل جاتا کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رہے گی اور بدھ 24مئی کو شام 5بجے شاہراہ ِ فیصل نرسری پر بھر پور احتجاجی دھر نا دیا جائے گا اور کے الیکٹرک کو اپنا قبلہ درست کر نا ہو گا ۔

(جاری ہے)

اگر 31مارچ کی طرح پر امن عوامی احتجاج اور دھر نے کو روکنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہو گی۔

جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف عوامی مطالبات سے کسی صورت دستبردار نہیں ہو گی ۔کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کو اووربلنگ اور لوڈشیڈنگ کے دوہرے عذاب میں مبتلا کیا ہے اور گزشتہ سالوں میں کے الیکٹرک نے شہریوں سے ناجائز طور پر تقریباً 200ارب ر وپے وصول کیے ہیں ۔جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف جو چارج شیٹ تیار کی ہے اسے کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔

یہ چشم کشا حقائق اور درست اعدادو شمار پر مبنی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کر اچی میں لوڈشیڈنگ کا کوئی جواز نہیں ہے اگر آج بھی کے الیکٹرک انتظامیہ اپنے تمام پاور پلانٹ چلانا شروع کر دے تو کراچی لوڈشیڈنگ فری شہر ہو سکتا ہے ۔61فیصد شہر سے لوڈشیڈنگ ختم کر نے کا دعویٰ کر نے والوں نے پورے شہر کو تاریکی میں دھکیل دیا ہے ۔ آج بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے اور رات کے اوقات میں بھی بجلی غائب ہو جاتی ہے ۔

ایک ہفتہ ہو گیا بن قاسم پاور پلانٹ کی مرمت کا کام مکمل نہیں ہو سکا اور شہر کے اندر سے بجلی کا بحران ختم نہیں ہو ا ۔حکومت اور نیپرا نے کے الیکٹرک کی نااہلی اورناقص کارکردگی اور عوام پر ظلم پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیںلیکن جماعت اسلامی یہ ظلم و زیادتی نہیں چلنے دے گی ۔کراچی کے عوام کو ان کا حق دلائیں گے ۔