بھارت مقبوضہ کشمیر میں تمام فریقوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرے، بھارتی سول سوسائٹی گروپ کا مطالبہ

منگل 23 مئی 2017 13:58

بھارت مقبوضہ کشمیر میں تمام فریقوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرے، بھارتی ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) بھارت میں سابق بیوروکریٹس، صحافیوں اور امن کارکنوں پر مشتمل گروپ کنسرنڈ سٹیزنز گروپ نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں پی ڈی پی اور بی جے پی اتحاد کے ایجنڈے میں کئے گئے وعدے پر عمل کرتے ہوئے تمام فریقین سے مذاکرات شروع کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گروپ نے نئی دہلی میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر میں صورتحال معمول سے بہت دور ہے اور ہم اسے مسلسل انکار نہیں کرسکتے۔

گروپ کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا اتلاف تمام امن پسند لوگوں کے لیے ناقابل قبول ہے اور اسے جلد سے جلد ختم ہونا چاہیے لیکن یہ خود بخود یا طاقت کا استعمال کرکے نہیں ہوسکتا۔گروپ نے کہا کہ کشمیر میںسالہاسال تک کام کرنے والے بہت سے تجربہ کار فوجی کمانڈروںنے خطے میں قیام امن کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر زوردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم بھارتی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ رمضان کے دوران کشمیر میں کوئی تشدد نہیں ہونا چاہیے۔

گروپ کا کہنا ہے کہ کنڑول لائن اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ رہنے والے عوام کی مشکلات ناقابل برداشت حد تک بڑھ چکی ہیں۔حکومت کو ان ہلاکتوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔ گروپ میں جسٹس ریٹائرڈ اے پی شاہ، یشونت سنہا، سلمان حیدر، جے ایف ریبیرو، وجاہت حبیب اللہ ، وپالا بالا چندرن، اے ایس دلت، نروپما رائو، ارونا رائے، سیدہ حمید، کپل کاک، منیش تیواری، بدری رعنا، زویہ حسن، راما چندرا گوہا، ایس عرفان حبیب، پریم شنکر جھا، شیکھر گپتا، جان دیال، بھارت بھوشن اور سشوبھا بروے شامل ہیں ۔