غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس، بھوک ہڑتالی اسیران کی حمایت میں نکالی گئی ریلیوں پر اسرائیلی فوج کا طاقت کا وحشیانہ استعمال

لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، ایک فلسطینی شہری شہید،100 سے زائد زخمی ہوگئے

منگل 23 مئی 2017 14:13

غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس، بھوک ہڑتالی اسیران کی حمایت میں نکالی ..
غرب اردن/ مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) فلسطین میں گزشتہ روز اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کیخلاف اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کی حمایت میں نکالی گئی ریلیوں پر اسرائیلی فوج کے طاقت کا وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز فلسطین بھر میں اسیران کی حمایت میں شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔

اس موقع پر تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی بند رہے۔ بھوک ہڑتالی اسیران کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہزاروں فلسطینی غرب اردن کے شہروں ، بیت المقدس، اندورن فلسطین اور غزہ میں سڑکوں پر نکلے۔ صہیونی ریاست کی دہشت گردی اور اسیران کیخلاف انتقامی کارروائیوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسویگ کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بیسیوں فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔

دریائے اردن کے مغربی کنارے کے کئی شہروں اور بیت المقدس میں یہودی کالونیوں اور فلسطینی آبادیوں کو باہم ملانیوالے مقامات میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم بھی ہوا۔ فلسطینی شہریوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔ جواب میں قابض فورسز نے مظاہرین پر لاٹھیاں برسائیں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ ہلال احمر فلسطین کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں رام اللہ، نابلس، الخلیل، طولکر اور بیت لحم میں جگہ جگہ فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم ہوا جس میں دسیوں فلسطینیوں کوشدید زخمی کیا گیا۔

ادھر فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کے قریب اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے حسب معمول یہ دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ چاقو لہراتا ہوا فوجیوں کی طرف بڑھنے لگا۔فلسطینی نوجوان کی شہادت کا یہ واقعہ غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم کے قریب ابو دیس کے مقام پر پیش آیا ۔

اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان کے مطابق مشتبہ فلسطینی حملہ آور چاقو لہراتا ہوا ابو دیس میں اسرائیلی فوجیوں کی طرف بڑھنے لگا تو فوجیوں نے اس سے خطرہ محسوس کرتے ہوئے اس پر گولی چلادی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ کچھ دیر بعد اس کی موت کی تصدیق کردی گئی تھی۔ شہید فلسطینی نوجوان کی عمر 16 سال بیان کی ہے۔ترجمان کے مطابق فوج کی فائرنگ سے قتل ہونے والاف فلسطینی ایک کم عمر لڑکا ہے۔ تاہم اس کے چاقو کے حملے سے کوئی اسرائیلی فوجی زخمی نہیںہوا۔ فلسطینی ہلال احمر نے بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

متعلقہ عنوان :