ٹرمپ دہشت گردوں اور وطن کی آزادی کیلئے لڑنیوالوں میں فرق کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے، حماس

حماس نہیں، اسرائیل دہشت گرد ہے جس کی ریاستی دہشت گردی سے انسان، حیوان اور درخت بھی محفوظ نہیں ہیں، عزت الرشق امریکی صدر مظلوم فلسطینی قوم کیلئے خیر کا کوئی پیغام نہیں لائے ہیں، وہ عدل اور آزادی کی اقدار کو صہیونی ریاست کی طرف داری میں گڈ مڈ کررہے ہیں،بیان

منگل 23 مئی 2017 14:14

ٹرمپ دہشت گردوں اور وطن کی آزادی کیلئے لڑنیوالوں میں فرق کرنے کی اہلیت ..
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) اسلامی تحریک مزاحمت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جماعت بارے جہالت پرمبنی موقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ دہشت گردوں اور وطن کی آزادی کے لیے لڑنیوالوں میں فرق کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے جس انداز میں حماس کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرنے کا موقف اپنایا ہے وہ زمینی حقائق کے منافی اور امریکی صدرکی جہالت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا کہ حماس کھوئے ہوئے قومی حقوق اور وطن عزیز کی ایک غاصب ریاست کے تسلط سے آزادی کیلئے جدو جہد کررہی ہے۔ حماس دہشت گرد نہیں۔ دہشت گرد اسرائیل ہے جس کی ریاستی دہشت گردی سے انسان، حیوان اور درخت بھی محفوظ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ بہت بڑے مغالطے کا شکار ہیں اور واہ دیدہ و دانستہ صہیونی ریاست کی فلسطینیوں کیخلاف جاری تحریک آزادی کے خلاف اسرائیلی دہشت گردی کی حمایت کررہے ہیں۔

عزت الرشق نے کہا کہ حماس عالمی قوانین کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے کام کررہی ہے۔ امریکی صدر کے تیور صاف دکھائی دیتے ہیں کہ وہ مظلوم فلسطینی قوم کیلئے کوئی خیر کا پیغام نہیں لائے ہیں۔ وہ عدل اور آزادی کی اقدار کو صہیونی ریاست کی طرف داری میں گڈ مڈ کررہے ہیں۔ادھر حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حماس بارے ریمارکس قابل قبول نہیں۔ ٹرمپ فلسطینی قوم کی تحریک مزاحمت کو بدنام کرنے اور آزادی کی جدو جہد کیخلاف اکسانے کی کوشش کررہے ہیں مگر فلسطینی ان کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔