پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ، ناصر جمشید نے معطلی چیلنج کردی

چارج لگانے سے پہلے معطلی غیرقانونی ہے، معطلی بنیادی حقوق سے محروم کرنا ہے، کرکٹر پر کرپشن چارجز نہیں ، اسلئے انہیں معطل نہیں کیا جا سکتا،برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کارروائی کر رہی ہے، اس لیے وہ پاکستان نہیں آ سکتے،کر کٹر کی ڈسپلنری کمیٹی کو درخواست

منگل 23 مئی 2017 14:26

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ، ناصر جمشید نے معطلی چیلنج کردی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر ناصر جمشید نے اپنی معطلی کو چیلنج کردیا ہے۔کرکٹرکو پی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے 13 فروری کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا، کرکٹر نے وکیل حسن وڑائچ کے ذریعے ڈسپلنری کمیٹی میں درخواست بھجوائی ہے جس میں انہوں نے معطلی کو چیلنج کردیا ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چارج لگانے سے پہلے معطلی غیرقانونی ہے، معطلی بنیادی حقوق سے محروم کرنا ہے، کرکٹر پر کرپشن چارجز نہیں ہیں، اس لیے انہیں معطل نہیں کیا جا سکتا۔

برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کارروائی کر رہی ہے، اس لیے وہ پاکستان نہیں آ سکتے۔واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے ناصر جمشید کو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار قرار دیتے ہوئے معطل کردیا گیا تھا، انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے کرکٹر اور مبینہ بکی یوسف کو ضمانت پررہا کررکھا ہے اور ناصر جمشید کا پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا ہے۔