عالمی برادری کی مانچسٹر دھماکے کی پرزور مذمت،جانی نقصان پر افسوس

پاکستان دہشت گردی کے خلاف برطانیہ کے ساتھ کھڑاہے،نوازشریف،مودی ودیگرکی مذمت

منگل 23 مئی 2017 14:37

عالمی برادری کی مانچسٹر دھماکے کی پرزور مذمت،جانی نقصان پر افسوس
مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) عالمی رہنماؤں نے برطانوی شہر مانچسٹر میں میوزک کنسرٹ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے مانچسٹر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بال نے اسے خصوصا بدترین حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ان کے شہری مانچسٹر حملے پر شدید صدمے کا شکار ہیں۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کی پٴْرزور مذمت کی ہے۔ سنگاپور کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے جاری کردہ بیان میں مانچسٹر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ افراد سے تعزیت کی ہے۔