کشمیر کونسل کی طرف سے ریاستی باشندوں کے اخبار نکالنے پر پابندی کا خاتمہ کیا جائے‘ عبدالرشید ترابی

منگل 23 مئی 2017 14:53

کشمیر کونسل کی طرف سے ریاستی باشندوں کے اخبار نکالنے پر پابندی کا خاتمہ ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی اور ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی نے کشمیر کونسل کی طرف سے ریاستی باشندوں کے اخبار نکالنے پر پابندی کوقطعی غیر منصفانہ قراردیتے ہوئے پابندی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اخبار یا پرنٹنگ پریس کا ڈیکلریشن آزادکشمیر حکومت کا سبجیکٹ ہے اور اس کے لئے ڈی سی کی اجازت ہی کافی ہونی چاہئے مگر آزادکشمیر کے عوام کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینے کے لئے کشمیرکونسل کے طواف پر مجبور کرنا ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی مہینوں سے میڈیا سے وابستہ لوگ کشمیر کونسل کے رویے پر صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں مگر متعلقہ حکام اپنی پوزیشن کلیئر نہیں کر رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا جس طرح چاروں صوبوں کے لوگوں کا حق ہے وہ ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بعد اخبار کا اجراء کریں اسی طرح آزادکشمیر کا یہ حق بھی ڈی سی کی اجازت سے مشروط ہونا چاہئے ۔عبدالرشید ترابی نے کہا تین سال جاری پابندی نے آزادکشمیر میں میڈیا کے وابستگان کو مایوس کردیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ وفاقی ادارے اپنے رویوں سے آزادکشمیر میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں ۔آسان اور سیدھے معاملات کو بلاوجہ اُلجھانے سے کدورتیں اور نفرتیں جنم لیتی ہیں ۔انہوں نے کہا وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر آزادکشمیر کے باشندوں سے ناانصافی کا ازالہ کریں۔

متعلقہ عنوان :