Live Updates

الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی،7 جون تک جواب طلب

منگل 23 مئی 2017 17:10

الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت غیر معینہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کئے جانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان سی7 جون تک جواب طلب کرلیا۔ ممنوعہ ذرائع سے پارٹی کے لئے فنڈز لینے اور الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے الزام پر عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست کی سماعت منگل کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کی۔

عمران خان کی جانب سے منگل کو بھی تحریری جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ اسی نوعیت کی درخواست سپریم کورٹ میں بھی عمران خان کے خلاف دائر کی گئی ہے‘ اس لئے الیکشن کمیشن اس درخواست پر کارروائی غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کی جائے جس پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ آپ سے جو جواب مانگا گیا تھا وہ جمع کرانے میں کیا حرج ہے۔

(جاری ہے)

کیا سپریم کورٹ میں جواب دائر کیا جاچکا ہے جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ میں انہی نکات پر دائر پٹیشن کا جواب دے چکے ہیں۔ اس موقع پر درخواست گزار ہاشم بھٹہ کے وکیل شرافت چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ ذرائع سے پارٹی فنڈز لئے تاہم عمران خان نے بطور پارٹی سربراہ سرٹیفکیٹ دیا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز نہیں لئے۔ الیکشن کمیشن کا موقف تھا کہ سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف دائر پٹیشن مختلف نوعیت کی ہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو درخواست کی سماعت سے نہیں روکا۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کی جانب سے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کئے جانے کی استدعا مسترد کردی اور عمران خان سے سات جون تک جواب طلب کرلیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات