17عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے،آنیوالے انتخابات میں عوام مسلم لیگ(ن)کوہی کامیاب بنائیں گے،سردار مہتاب احمد خان

وزیراعظم فیملی سمیت جے آئی ٹی میں بھی سرخرو ہونگے،منتخب وزیراعظم سے بلاجواز استعفیٰ کامطالبے عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے انکارہے،نومنتخب چیئرمین اسلام آباد

منگل 23 مئی 2017 19:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما ویوسی 41اسلام آبادسے نومنتخب چیئرمین سردار مہتاب احمد خان نے کہاہے کہ 2017ء عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے،عوامی امنگوں کو نظر انداز نہیں کریں گے،وزیراعظم میاں نوازشریف کی عوام دوست قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ عام انتخابات میں بھی کامیاب ہوگی۔

انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ کی طرف سے پانامہ لیکس کے حوالے سے بنائی جانے والی جے آئی ٹی قومی اداروں کے اعلیٰ ا فسران پر مشتمل ہوگی،شکست خوردہ عناصر کی طرف سے اس پرتنقیدقومی اداروں کا تقدس مجروح کرنے اور توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے،وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف فیملی سمیت جے آئی ٹی میں بھی سرخرو ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ بڑا واضح ہے ،مخالفین اب بات کا بتنگڑ بنا کر قوم کا وقت ضائع کررہے ہیں،جیسا وہ ماضی میں کرتے آئے ہیں،عوام کی طاقت کے بغیر کوئی برسراقتدار آنے کا سوچے بھی نہیں،عام انتخابات میں عوام ایک بارپھرپاکستان مسلم لیگ(ن) کوووٹ دیکرکامیاب کروائے گی ۔

اپنے بیان میںسردار مہتاب احمد خان نے مزیدکہاکہ اپوزیشن کا وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ بلاجواز ہے،جے آئی ٹی رپورٹ سے قبل ایسا مطالبہ مذاق سے کم نہیں،دھرنوں کے ذریعے ملکی ترقی کے عمل میں رکاوٹ بننے والے اب عدالتی فیصلہ قبول کریں اور جے آئی ٹی کی تحقیقات کا انتظار کریں،سپریم کورٹ نے چوردروازے سے اقتدار میں آنے کے تمام راستے بند کردئیے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سچائی اوراصولوں کی سیاست کررہی ہے،لوٹ ماراور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو عوام یکسرمستردکرچکے ہیں۔مسلم لیگی رہنمانے کہاکہ اقتدار کے بھوکے او رانتشار کے ایجنڈے پر گامزن عمران خان کو ملکی سلامتی سے کوئی غرض نہیں اسے ہر حال میں اقتدار چاہیے،جے آئی ٹی میں وزیراعظم میاں نوازشریف کو جواب دینا ہے لیکن رو عمران خان رہے ہیں،مخالفین جان لیںعام انتخابات وقت مقررہ پر ہی ہونگے۔

مسلم لیگی رہنماسردار مہتاب احمد خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی کرپشن کا گندابھی تک مسلم لیگ(ن) صاف کررہی ہے،ترقی کی طرف بڑھتا ہوا پاکستان مخالفین کو برداشت نہیں اور آئندہ انتخابات میں انہیں شکست نظر آ رہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں ایک بارپھر انتشار کی سیاست کا آغاز کردیاگیا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :