صوبے سے کرپشن کو ختم کرکے ہی دم لینگے اور اسی سلسلے میں پراونشل انسپکشن ٹیم کی ذیلی ٹیموں کو تشکیل دیا گیاہے،ڈاکٹرحیدرعلی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی

منگل 23 مئی 2017 20:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے انسدادبدعنوانی ڈاکٹر حیدر علی نے کہا ہے کہ صوبے سے کرپشن کو ختم کرکے ہی دم لینگے اور اسی سلسلے میں پراونشل انسپکشن ٹیم کی ذیلی ٹیموں کو تشکیل دیا گیاہے جبکہ صوبائی حکومت نے پراونشل انسپکشن ٹیم کو با اختیار بنایا ہے تاکہ وہ پوری طاقت کے ساتھ اپنا کام کر سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں پراونشل انسپکشن ٹیم کے ایک وفد سے بات چیت میں کیا۔ڈاکٹر حیدر علی نے مزید کہا کہ جب تک اداروں کو خود مختار نہ بنایا جائے تب تک وہ کام بہ احسن طریقے سے نہیں نبھا سکتے۔اس لئے ہم نے اداروں کو با اختیاربنایا ہے اسی سلسلے میں پراونشل انسپکشن ٹیم کو ہدایات دی گئیں کہ وہ اپنے کام میں تیزی لائے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وفد نے ڈاکٹر حید علی کو اپنے کام سے آگاہ کیا اور کہا کہ پراونشل انسپکشن ٹیم 130 ۔اہم کیسز پر کام کر رہی ہے جس کے جواب میں ڈاکٹر حیدر علی نے کہا کہ انسپکشن میں تیزی لائی جائے اور کرپٹ مافیا کو منظر عام پر لایا جائے۔ڈاکٹر حیدر علی نے انسپکشن ٹیم کے افسران سے کہا کہ ہر قسم کے حالات میں میں آپ کے ساتھ ہوں اہم کیسز کے حوالے سے مجھے فوری طور پر آگاہ کیا جائے ۔

ڈاکٹر حیدر علی نے پراونشل انسپکشن ٹیم کے کام کو سراہا اور کہا کہ اگر اسی طرح اداروں کا کام جاری رہا تو کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے۔ڈاکٹر حیدر علی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں محکموں میں اصلاحات لانا ہوںگی اور پراونشل انسپکشن ٹیم کی تمام تر سرگرمیوں کو میڈیا کے سامنے لایا جائے گا تاکہ اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی پراونشل انسپکشن ٹیم کے کام کا اندازہ ہو۔

انہوں نے ڈیپارٹمنٹس کے کام کے حوالے سے کہا کہ جو ڈیپارٹمنٹ اچھا کام کررہاہو اس کو سپورٹ کرینگے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کو کے پی ایکسیلنسی ایوارڈز اور انٹرنیشنلی کوربھی کیا جائے گا۔ڈاکٹر حیدر علی نے مزید کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو الائونس بھی دیا جائے گا۔ڈاکٹر حیدر علی نے پراونشل انسپکشن ٹیم کے افسران سے کہا کہ بغیر کسی دبائو کے اپنے اہداف حاصل کریں اور صوبے کو کرپشن سے پاک کرکے ایک مثالی صوبہ بنانے کے لئے موثر اقدامات کریں۔