لزبن, پرتگال کے دورہ پر آئے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کے اعزاز میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے تقریب کا اہتمام

حکومت پاکستان تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہی, کامران ماہیکل کا تقر یب سے خطا ب

منگل 23 مئی 2017 23:45

لزبن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء) پرتگال کے دورہ پر آئے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینٹر کامران ماہیکل کے اعزاز میں پاکستان مسلم لیگ ن پرتگال اور پاک پرتگال ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ طور پر تقریب کا اہتمام کیا گیا تقریب سے سینٹر کامران ماہیکل، پاکستانی سفیر زہرا اکبری،پرتگال کے سابق صدارتی امیدوار پاولو مورس، سابق پارلیمانی سیکرٹری جوہل پیٹر سہوترا،عرفان بٹ، امجد محمود، محبوب احمد، سرفراز فرانسس،سید خالد عباس،حافظ غلام دستگیر، یعقوب جلال، اور دیگر نے خطاب کیا، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں اورسیز کمیشن کے علاوہ وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور وزارت اورسیز پاکستانی دن رات کوشاں ہیں عوام اپنے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے براہ راست راہنمائی اور مدد لے سکتے ہیں تارکین وطن کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اس موقع پر پاکستانی سفیر زہرا اکبری کا کہنا تھا کہ حکومت کی ہدایت پر سفارتی عملہ بھی پرتگال میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے اور کمیونٹی سے بہتر رابطہ اور میل جول سے معلوم ہونے والے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے حکومت پاکستان کو تحریری طور پر اگاہ کر دیا گیا ہے سابق صدارتی امیدوار پاولو مورس نے کہا کہ ہم پاکستانی تارکین وطن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ان کو پرتگال کی سیاست میں بھی بڑھ کر حصہ لینا ہو گا تا کہ پرتگال میں درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر کے ان کا مداوا کر سکیں انہوں نے کہا کہ انتہا ئی حوش آئند بات ہے کہ ستر سال بعد پرتگال میں پاکستانی کمیونٹی ایک پلیٹ فارم بنانے میں کامیاب ہوئی ہے سابق پارلیمانی سیکرٹری جوہل پیٹر سہوترہ نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا نے جس طرح پرتگال میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا ہے حکومت اس کو حل کرے گی، تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے بہتر کارکردگی پر پاکستان پریس کلب پرتگال، یعقوب جلال، پاولو مورس، محبوب احمد، صوفیہ موٹس، ضیاء سید، سرفراز فرانسس، کو جبکہ پاک پرتگال ایسوسی ایشن کی جانب سے وفاقی وزیر کامران ماہیکل، پاکستانی سفیر زہرا اکبری، جوہل عامر سہوترہ کو یادگاری شیلڈز پیش کیں، جبکہ پاکستان پریس کلب پرتگال کے صدر ضیاء سید کو ذمہ دارانہ صحافتی خدمات پیش کرنے اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اجاگر کرنے پر حکومت پاکستان کی جانب سے خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا