فاٹاسے پولیو کامکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے ،گورنرخیبرپختونخوااقبال ظفرجھگڑا

منگل 23 مئی 2017 23:28

فاٹاسے پولیو کامکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے ،گورنرخیبرپختونخوااقبال ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے فاٹامیں انسدادپولیو مہم میں سرگرم عمل پولیوٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ فاٹا سے پولیو کا خاتمہ پورے پاکستان سے پولیو کاخاتمہ ہے۔ فاٹاسے پولیو کامکمل خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کامیابی بھی حاصل ہورہی ہے۔

گورنرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس کامیابی کاتسلسل برقراررکھنے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ وہ منگل کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں فاٹاپولیوٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں انسدادپولیو کے حوالے سے وزیراعظم کی فوکل پرسن سینیٹرعائشہ رضا فاروق ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹااور کوآرڈی نیٹرایمرجنسی آپریشن سنٹرفاٹا فدا محمدوزیر، کمشنرز ، پولیٹیکل ایجنٹس اوردیگرمتعلقہ افسران اورنمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پولیوٹاسک فورس، فاٹا کے فوکل پرسن ڈاکٹرندیم نے انسدادپولیو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ 2015 میں85 پولیو کیسرمیں سے 60 کا تعلق فاٹا سے تھا جبکہ پچھلے سال فاٹا میںپولیو کے صرف دو کیسزرپورٹ ہوئے۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ انسدادپولیوٹیم نے حملوں کے باوجود اپنا مشن جاری رکھا اور رواں سال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہواہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ پولیو سے پاک فاٹا ان کامقصد ہے اورآئندہ نسلوں کو پولیو سے بچانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ گورنرنے فاٹاسے پولیو کے خاتمے میں ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور صحت محافظین کے کردار کو سراہااور ہدایت کی اس کامیابی کو برقراررکھنے کیلئے مزید موثراقدامات اٹھائے جائیں۔ دریں اثناء گورنرہاؤس پشاور میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے فاٹاکے سیکنڈری سکولوں کی طالبات کونقدامداد دینے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاکہ حکومت نے فاٹامیں تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اوراس ضمن میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجارہاہے۔

گورنرنے فاٹامیں خواتین کے تعلیم کے فروغ میں ورلڈفوڈ پروگرام کے تعاون کوبھی سراہااور اس امر پر زوردیاکہ شفافیت کو یقینی بنایاجائے۔تقریب میںاسٹریلیا کے ہائی کمشنر، ورلڈفوڈپروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر، یونیسیف کے نمائندے ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر ، سیکرٹری سوشل سیکٹر فاٹا، سیکرٹری ایجوکیشن فاٹا اوردیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

پروگرام کے تحت فاٹا میں 179 مڈل اورہائی سکولوں کی 15ہزار طالبات کوآسٹریلیا اورکینیڈا کے حکومتوں کے تعاون سے ماہانہ ایک ہزارروپے وظیفہ دیاجائیگا۔گورنرنے اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے طالبات کو نقدامداد دینے کاباقاعدہ افتتاح بھی کیا۔گورنرنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی علاقے سب سے زیادہ متاثرہوئے لیکن الحمداللہ فاٹا میں امن لوٹ آیا ہے اور فاٹاکے ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل تقریباً مکمل ہوچکاہے ۔

انہوں نے یہ امر بھی واضح کیا کہ انفراسٹرکچرکی بحالی کے ساتھ ساتھ تعلیم اورصحت کے شعبوں پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت فاٹا کے عوام کوبنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہیں۔ گورنرنے فاٹا کے عوام کی فلاح وبہبود کے حوالے سے عالمی برادری کے تعاون کو بھی سراہا۔تقریب سے اسٹریلیا کے ہائی کمشنر اور ورلڈفوڈپروگرام کے کنٹری ڈائریکٹرنے بھی خطاب کیا۔ #

متعلقہ عنوان :