وزیر اعلی سندھ سے کے الیکٹرک کے وفد کی ملاقات

منگل 23 مئی 2017 21:36

وزیر اعلی سندھ سے کے الیکٹرک کے وفد کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بجلی کے بحران سے نبردآزما کے حوالے سے کے۔الیکٹرک کے اعلی وفد نے وزیراعلی ہاس میں ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں چیئرمین کراچی الیکٹرک وقار صدیقی، چیف ایگزیکٹو افسر طیب ترین، ڈائریکٹر امور خارجہ اسمر نعیم، چیف مارکیٹنگ فخر احمد کے علاہ مختلف شعبوں کے ذمہ داران نے شرکت کی جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے وزیر اعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت اور سیکریٹری توانائی آغا واصف سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گرمی اور شدید لوڈ شیڈنگ کے باعث سندھ کے عوام شدید مشکلات میں ہیں، تکنیکی و فنی خرابیوں سے پیدا ہونے والے مسائل سے دوچار ہوگئے ہیں جس پر کے الیکٹرک انتظامیہ نے بتایا کہ وہ اپنے نظام میں بہتری لا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کے الیکٹرک کے چیئرمین وقار صدیقی نے وزیراعلی سندھ کو آگاہی دیتے بتایا کہ رمضان کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ نہ صرف کم کی جائیگی بلکہ گرمی کے دوران لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی۔

وزیر اعلی نے کہا کہ فنی مسائل پہلے سے ٹھیک کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندرون سندھ کے دیہی علاقوں میں ٹاورز گرنے سے بجلی کے بار بار تعطل کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ برقی آلات اور الیکٹرانکس اشیاء کی خرابی اور جلنے کا سامنا بھی ہے، رواں موسم گرما میں سندھ کی عوام کو اس حوالے سے سب سے زیادہ شکایات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو کم کرنے اور متبادل ذرائع سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے پر زور دیا جائے۔

وزیراعلی سندھ نے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک انتظامیہ کو صورتحال میں بہتری لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں ہر صورت لوڈ شیڈنگ کم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی علائقوں اور پانی کی پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی فراہمی کا نظام مزید بہتر کیا جائے، بجلی کے بریک ڈائون کے باعث شہر کے لوگ نہ صرف گرمی میں تڑپتے ہیں بلکہ پانی سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ یہ سارا نظام بہتر ہوجائے اس کے لئے میری مدد درکار ہو تو میں حاضر ہوں۔ جس پر کے الیکٹرک انتظامیہ نے وزیراعلی سندھ کو یقین دلایا کہ شہر قائد میں بجلی کی ہموار فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ نے یہ بھی کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ شہر قائد کے بیرون اطراف کے علائقوں میں بھی مناسب طریقے سے بجلی مہیا کی جائے۔ دریں اثنا انہوں نے کراچی الیکٹرک کو یہ بھی ہدایات کی کہ کراچی کے جن دیہات کی الیکٹری فکیشن کا کام جاری ہے اس کو جلد مکمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :