سپریم کورٹ، بول ٹیلی وی چینل کی نشریات پر پابندی کے حوا لہ سے مقدمہ کی سماعت 31مئی تک ملتوی

منگل 23 مئی 2017 21:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) سپریم کورٹ نے بول ٹیلی وی چینل کی نشریات پر پابندی کے حوا لہ سے مقدمہ میں بول ٹیلی وژن چینل کے وکیل کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 31مئی تک ملتوی کردی۔ منگل کوجسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پیمرا کی جانب سے چینل کی بندش کے حکمنامہ کے خلاف سندھ ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے اجراء کے خلاف دائر اپیل کی مختصر سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پربول چینل کے وکیل انور منصور نے عدالت سے استدعاکی کہ ان کو جواب داخل کرانے کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دی جائے۔ فاضل وکیل نے ایک اخباری اشتہار دکھاتے ہوئے عدالت کوآگاہ کیا کہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن ( پی بی ای) میڈیا میںاشتہارات چلا کرہمارے خلاف منفی مہم چلا رہی ہے جس کانوٹس لیاجائے جس پرجسٹس شیخ عظمت سعید نے ان سے کہا کہ امریکہ میں بھی سی این این اور فاکس نیوز کی لڑائی چلتی رہتی ہے جس پر فاضل وکیل نے کہا کہ امریکہ میں پیمرا جیسی اتھارٹی کو کسی بھی چینل کے خلاف اس طرح کوئی استعمال نہیں کرتاہے اور نہ ہی کسی چینل کو بند کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :