بھارت نے کسی پاکستانی چوکی پر حملہ نہیں کیا ، جھوٹ کا جواب جھوٹ سے دینا ہمارا شیوہ نہیں ، میجر جنرل آصف غفور

بھارت کا ایل او سی پرپاکستانی چوکی تباہ کرنے کا دعویٰ جھوٹا ہے ، 2003میں سیز فائر معاہدہ ہوا تھا ، بھارت نے صرف2016میں1300بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں ، 43شہری شہید ،50زخمی کئے ، پاکستانی فوج کشمیریوں کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے بچانے کا انتظام کرتی ہے،بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہیں،بھارتی فوج کی ویڈیو میں کوئی چیز واضح نہیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 23 مئی 2017 21:55

بھارت نے کسی پاکستانی چوکی پر حملہ نہیں کیا ، جھوٹ کا جواب جھوٹ سے دینا ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے پاک فوج کی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا ایل او سی پرپاکستانی چوکی تباہ کرنے کا دعویٰ جھوٹا ہے ، بھارت نے کسی پاکستانی چوکی پر حملہ نہیں کیا ، جھوٹ کا جواب جھوٹ سے دینا ہمارا شیوہ نہیں ہے ، 2003میں سیز فائر معاہدہ ہوا تھا ، بھارت کی جانب سے صرف2016میں1300بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 43سویلین شہید کر دیے گئے اور50زخمی ہوگئے ، پاکستانی فوج کشمیریوں کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے بچانے کا انتظام کرتی ہے ،کہ بھارتی فوج کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہیں ، بے شک وہ انکا ڈرامہ ہی کیوں نہ ہو۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنر آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پاک فوج کی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا دعویٰ جھوٹا ہے اور بھارتی چینل پر بھی کہا گیا کہ پاک فوج کی جانب سے پہلے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی گئی تو میںیہ واضح کر دوں کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بھی ہمارے مسلمان بھائیوں کی آبادی ہے تو ہم کسی صورت بھی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کرہی نہیں سکتے جبکہ بھارتی آرمی ہمارے گائوں کی سویلین آبادی کو نشانہ بناتی رہتی ہے ، 2017میں کشمیر میں ہماری طرف سے 12گائوں کی آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس سے بہت ساری اموات بھی ہوئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر اس فائرنگ میں کسی موقع پر لی گئی ویڈیو کو بطور ثبوت پیش کیا گیا ہے کہ وہ پاک فوج کی چیک پوسٹ تباہ کر رہے ہیں جبکہ وہ ویڈیو بہت شارٹ ہے اور اس میں کوئی چیز واضح نہیں ہے ۔ میری کوشش ہوگی کہ ایک دو دن میں میں میڈیا کے نمائندوں کو اس گائوں کا دورہ کرائوں تاکہ واضح ہو جائے کہ ایسا کچھ نہیں ہے ۔ آصف غفور نے کہا کہ کچھ دن پہلے بھارت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک 2کا ڈرامہ کرنے بھی کوشش کی گئی جس پر میں نے بیان دیا تھا کہ بھارتی فوج سرحد کے دونوں طرف سویلینز کو نشانہ بنا رہی ہے اور سرجیکل سٹرائیک 2کا ڈرامہ کرنے کی کوشش میں ہے تو میں یہ بات آج ایک بار پھر واضح کردوںکہ بھارتی فوج کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہیں ، بے شک وہ انکا ڈرامہ ہی کیوں نہ ہو ، آج بھی جو بھارت چوکی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے وہ بالکل جھوٹا ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے ، ہماری کسی چوکی پر کوئی فائر نہیں ہوا ۔

میجر جنر ل آصف غفور نے کہا کہ جھوٹ کا جواب جھوٹ سے دینا ہمارا شیوہ نہیں ہے ، 2003میں سیز فائر وائلیشن کا معاہدہ ہوا تھا تب سے لیکر 2013 تک بھارت کی طرف سے 1ہزار62بار معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ، بھارت میں ڈومیسٹک مسائل بڑھتے جا رہے ہیں جنہیں دبانے کیلئے وہ سرحدوں پر فائرنگ کر کے اور اس طرح کے جھوٹے وعدے کر کے عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے 2014سی2017تک صرف تین سال کے قلیل عرصے میں 1300بار سرحد پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی اس طرح اگر ہم صرف 2016اور2017کی خلاف ورزیاں الگ کریں تو ہمیں پتہ چلے گا کہ 2016میں 382بار سرحدی خلاف ورزی کی گئی جس میں 46سویلین شہید ہوئے اور50لوگ زخمی ہوئے تھے یہ کسی بھی ایک سال میں سب سے زیادہ بار خلاف ورزیاں اور سب سے زیادہ بار خلاف ورزیاں اور سب سے زیادہ شہادتیں ہیں جبکہ 2017کے پانچویں مہینے تک ہی 351بار سرحدی خلاف ورزی کی گئی جس سے 5افراد شہید اور43شہری زخمی ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تعینات فوج سویلین کی حفاظت کا انتظام کرتی ہے ، بھارت کو یہ دیکھنا چاہیے کہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی سے پاک بھارت تعلقات کس سمت پر ڈالے جا رہے ہیں ۔ (ن م)