ایف سی سبی اسکائوٹس کے زیر اہتمام کھٹن میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

منگل 23 مئی 2017 22:21

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) ایف سی سبی اسکائوٹس کے زیر اہتمام کھٹن میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد،سینکڑوں نادار مریضوں کا علاج معالجہ ،مفت ادویات کی فراہمی،علاقے میں پندرہ سال بعد واٹر سپلائی بھی بحال ،گائوں کھٹن پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا،تفصیلات کے مطابق کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ کی خصوصی ہدایت پرضلع کچھی کے علاقہ کھٹن میں فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا جبکہ علاقہ مکینوں کے لیے پندرہ سال بعد پینے کے صاف پانی کی واٹر سپلائی کو بھی بحال کردیا گیا ہے ،فری میڈیکل کیمپ کا آغاز صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا میڈیکل کمیپ میں پاک آرمی ایف سی اور مھکمہ ہیلتھ کے مایہ ناز ڈاکٹروں نے نادار مریضوں کا معائنہ کیا اور علاج معالجہ کیا جبکہ مریضوں میں مفت ادویات بھی دی گئیں ،فری میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں مرد وخواتین مریضوں کا او پی ڈی میں معائنہ کیا گیا جبکہ علاقہ مکینوں کے دیرینہ مسئلہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ کی خصوصی ہدایت پر واٹر سپلائی کو بحال کردیا گیا جس کے بعد علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ،واٹر سپلائی کی بحالی کی تقریب میں کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کچھی شاہ فہد،سپرٹنڈنگ انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد اصغر بلوچ ،ینگ اتحاد ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین حاجی محمد ایوب ابڑو ،سائبان ٹرسٹ کے صدر عبیداللہ عثمان و دیگر بھی موجود تھے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ نے کہا کہ ایف سی عوام کے معیار زندگی کو بلند بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل برئوئے کار لا رہی ہے اور عوام تک بنیادی سہولیات پینے کے صاف پانی ،صحت اور تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ عوام کا چین اور سکون چھیننے کا وقت ختم ہو گیا ہے اور کھٹن کے غریب عوام کو اسلحہ کے زور پربنیادی سہولیات سے محروم کرنے والے اور دہشت پھیلانے والے سن لیں کہ وہ باز آجائیں ورنہ اپنے انجام تک پہنچنے کے لیے تیار ہو جائیں ترقیاتی مد میں خرچ ہونے والی رقم عوام کی سہولیات کے لیے حقیقی معنوں میں خرچ کرنی چاہیے کرپشن کرنے اور لوٹ مار کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ کھٹن کے عوام تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا سہرا یہاں کے باہمت اور محب وطن عوام کو جاتا ہے جن کی کاوشوں کی بدولت آج واٹر سپلائی اسکیم بحال ہو گئی ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے کہا کہ عوام تک بنیادی سہولت پینے کے صاف پانی پہنچانے کے لیے حائل روکاوٹوں کے بہانے کا دور ختم ہو گیا ہے اور جلد ہی کچھی کے گائوں گائوں تک پینے کا صاف پانی پہنچ جائے گا جبکہ سنی سے بھاگ تک واٹر سپلائی جہاں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اسے بحال کیا جائے گا اور سنی سے بھاگ تک تمام دیہاتوں اور گائوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین مفتی مولانا کفایت اللہ ،کامریڈ نور احمد جاموٹ افتخار ابڑو و دیگر نے ایف سی سبی اسکائوٹس کی کاوشوں کو سراہا اور پینے کے صاف پانی صحت کی سہولیات کی فراہمی پر کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ کا اظہار تشکر ادا کیا،دریں اثناء کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ نے اسکولوں کے طلباء وطالبات میں فری کتابیں اور بستے بھی تقسیم کیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :