قوم کسی سیاسی بازیگرکواپنے مستقبل سے نہیں کھیلنے دے گی، شہبازشریف

بدھ 24 مئی 2017 11:45

قوم کسی سیاسی بازیگرکواپنے مستقبل سے نہیں کھیلنے دے گی، شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ قوم کسی سیاسی بازیگرکو اپنے روشن مستقبل سے نہیں کھیلنے دے گی۔ لاہورمیں وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی جس میں ملک کودرپیش چیلنجز اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا چارسالہ دور شفافیت ، دیانت ، امانت اور محنت سے عبارت ہے، وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی وخوشحالی کی منزل کی جانب ٹیک آف کر چکا ہے۔

ماضی کی حکومتوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے جب کہ ہماری حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار کا شاہکار ہیں، ہم عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے اور کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے، اپنے دور میں لوٹ ماراور کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والوں کو عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ باشعورعوام نے ترقی کے مخالف عناصر کی منفی سیاست کو دفن کردیا ہے پاکستانی قوم اب کسی سیاسی بازیگر کو اپنے روشن مستقبل سے نہیں کھیلنے دے گی۔ دھرنا سیاست کرنے والوں کو 2018 میں بھی ناکامی کا سامنا کرنے پڑے گا۔