غریب عوام کو رمضان پیکیج کی پہلی قسط موصول،ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ

گھریلو سلنڈر 100روپے اور کمرشل سلنڈر 400روپے مہنگا ،ایس ایس جی سی کی وجہ سے ایل پی جی کی سپلائی چین ٹوٹ گئی ․کمپنی کی جانب سے ایک ہفتہ میں 11900میٹرک ٹن کے 2جہازوں کو خالی کرنے سے انکار سے سرکاری خزانے کو4 کروڑ کا نقصان ہوا ‘عرفان کھوکھر

بدھ 24 مئی 2017 13:40

غریب عوام کو رمضان پیکیج کی پہلی قسط موصول،ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) عوام کو سستے ترین رمضان پیکیج کی پہلی قسط موصول ہو گئی، سرکاری ایل پی جی کمپنی ایس ایس جی سی نے گیس کے ریٹ میں 10روپے فی کلو اضافہ کر دیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر 100 روپے اور کمرشل سلنڈر 400روپے مہنگا ہو گیا۔اس حوالے سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ سرکاری ایل پی جی کمپنی ایس ایس جی سی کافی دیر سے ایل پی جی کی درآمد کو روکنے اور مصنوئی قلت پیدا کر کے قیمتیں بڑھانے کی کوشش کر رہی تھی اور ایل پی جی کی سپلائی چین توڑنے میں کامیاب رہی اور یہ کمپنی حکومتی خزانے کو کڑوڑوں کا نقصان کروانے کی بھی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ایل پی جی ٹرمینل سمبھالنے والی کمپنی نے ایک ہفتہ کے اندر 11900میٹرک ٹن کے 2جہازوں کو خالی کرنے سے انکار کر دیا ہے جس سے سرکاری خزانے کو4 کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ایل پی جی کا ایک جہاز(LPG MARIA III)6700 میٹرک ٹن ایل پی جی لئے واپس چلا گیا اور دوسرا جہاز گزشتہ 10دن سے 5200میٹرک ٹن لئے کھڑا ہے جسے ایس ایس جی سی کے افسران نے خالی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

عموماً ایل پی جی کی ڈیمانڈ3000سے 3500میٹرک ٹن فی ماہ رہتی ہے لیکن یہ ڈیمانڈ رمضان میں 7000میٹرک ٹن سے کراس کر جائے گی۔ اس سرکاری کمپنی نے درآمدی گیس میں قلت پیدا کر کے قیمت میں اضافہ کیا۔ حکومت نے ماضی میں ایسی پالیسیاں اپنائی ہیں کہ آج گیس عام میسر ہے لیکن یہ کمپنی حکومت کے خلاف سازش کر کے بدنام کرنے کا سبب بن رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 19مئی 2017ء کو ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان، نیب اور ایف آئی اے سے گزارش کی گئی تھی کہ اس سرکاری کمپنی کی سرگرمیوں پر غور کیا جائے۔

وزارت پٹرولیم کی 4سال کی محنت پر پانی پھیر کر قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان میں گیس کی قلت پیدا کرکے قیمت بڑھانے سے حکومت کی بدنامی کا سبب بننے والی اس کمپنی کو اگر نہ روکا گیا تو یہ قیمت آنے والے دنوں میں حد سے زیادہ تجاوز کر جائے گی جس کے باعث عوام کو سستی گیس میسر نہ رہے گی۔اضافے کے بعد کراچی میں ایل پی جی کی قیمت 75روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 850روپے ،لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ، پشاور میں 80روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 910روپے ،رحیم یار خان، صادق آباد، حیدر آباد، ، اٹک ،گجرات، میرپور آزاد کشمیر 100روپے فی کلواور گھریلو سلنڈر 1150روپے ،راولپنڈی ، اسلام آباد، ایبٹ آباد،مظفر آباد، باغ، فاٹا، کوٹلی، آزادکشمیر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، میر پور خاص، عمر کوٹ، نواب شاہ، منباری، ٹھٹہ، دادو، جام شورو، شکار پور میں 105روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1210روپے ،گلگت بلتستان، مری،نتھیا گلی، بالاکوٹ،110روپے کلو اور گھریلو سلنڈر 1270روپے کا ہو گیا ۔

متعلقہ عنوان :