بھارت میں ہندو یاتریوں کی بس کو حادثہ،24 افراد ہلاک ،8زخمی

ہندو یاتری اترکاشی میں گنگوتری دھام کی یاترا کرکے واپس آرہے تھے کہ ان کی بس نالوپانی کے ضلع کے قریب گہری کھائی میں جا گری،وزیراعظم مودی کا مرنے والوں کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان

بدھ 24 مئی 2017 13:42

بھارت میں ہندو یاتریوں کی بس کو حادثہ،24 افراد ہلاک ،8زخمی
دہرادون/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) بھارتی ریاست اترکھنڈ میں ہندو یاتریوں کی بس کے حادثے میں 24افراد ہلاک اور 8زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو یاتری اترکاشی میں گنگوتری دھام کی یاترا کرکے واپس آرہے تھے کہ ان کی بس نالوپانی کے ضلع کے قریب گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور 8زخمی ہوگئے ۔

جبکہ تین لاپتہ ہیں۔پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ریاست کے وزیر اعلی تریویندر راوت نے بتایا ہے کہ زخمیوں کا مقامی ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انڈیا کی شمالی ریاست مقدس مقامات کے لیے معروف ہے اور ہر سال لاکھوں سیاح وہاں جاتے ہیں۔بس حادثے کے شکار افراد گنگوتری سے واپس اپنی ریاست مدھیہ پردیش جا رہے تھے۔ گنگوتری کو ہندو مذہب میں اہم مقام حاصل ہے اور یہ وہ جگہ ہے جہاں سے دریائے گنگا نکلتی ہے۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شو راج سنگھ چوہان نے اپنے ٹویٹ میں اس واقعے کو 'تکلیف دہ' قرار دیا ہے اور انھوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔اترا کھنڈ میں 2013 میں آنے والے سیلاب میں تقریبا ایک ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے اور بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا تھا۔