لیسکو اور دیگر کمپنیوں کے افسران کے غیر ملکی دوروں کا معاملہ شدت اختیار کرگیا،منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو کا نوٹس

افسران کمپنی پالیسیوں کے خلاف غیر ملکی دورے کر رہے ہیں، غیر ملکی دوروں کی منظوری ایم ڈی سیکرٹریٹ سے مشروط کر دی

بدھ 24 مئی 2017 15:10

لیسکو اور دیگر کمپنیوں کے افسران کے غیر ملکی دوروں کا معاملہ شدت اختیار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )اور دیگر کمپنیوں کے افسران کے غیر ملکی دوروں کا معاملہ شدت اختیار کرگیا،منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو نے پالیسی کے برعکس ہونے والے غیر ملکی سرکاری دوروں کا نوٹس لے لیا،غیر ملکی دوروں کی منظوری ایم ڈی سیکرٹریٹ سے مشروط کر دی ۔ذرائع کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو ڈاکٹر عامر احمد نے پالیسی کے برعکس غیر ملکی دوروں کا نوٹس لیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر نے غیر ملکی دوروں کی منظوری ایم ڈی سیکرٹریٹ سے مشروط کر دی ہے، ایم ڈی پیپکو کی منظوری کے بغیر کوئی افسر غیر ملکی دورہ نہیں کر سکے گا، افسران کمپنی پالیسیوں کے خلاف غیر ملکی دورے کر رہے ہیں، دورے سے تیس روز قبل کمپنیوں کو ایم ڈی سیکرٹریٹ کو آگاہ کرنا ہوگا، بیرون ممالک دورے کے لئے دو سے تین آفیسرز کے نام ارسال کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق افسران کی جانب سے پورے سال کے دوروں کی تفصیلات بتانا ضروری ہوگی،اسی طرح مختلف کمپنیوں کی جانب سے سپانسرڈ دوروں کی حوصلہ شکنی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ڈسپلنری ایکشن لینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایم ڈی پیپکو نے یہ نوٹیفکیشن اس وقت جاری کیا جب لیسکو کے چار افسران پالیسی کے خلاف غیر ملکی دورے پر ہیں ، کمپنی کے چیف انجینئر ڈویلپمنٹ خالد سعید اختر،پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی رفعت محبوب ، جی ایم ٹیکنیکل چوہدری انور اور ڈائریکٹر ہیڈکواٹرز ثاقب جمال بیرون ملک دورے پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :