سعودی عرب نے یمن میں ہیضے کی وباء کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لئے 550 ٹن ادویات پر مشتمل امدادی قافلہ روانہ کر دیا

بدھ 24 مئی 2017 15:25

سعودی عرب نے یمن میں ہیضے کی وباء کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لئے ..
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) سعودی عرب نے یمن میں ہیضے کی وباء کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لئے 550 ٹن ادویات پر مشتمل امدادی قافلہ روانہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انسانی امداد اور ریلیف کے لئے کنگ سلمان سنٹر اور رائل کورٹ کے مشیر ڈاکٹر عبداللہ نے شاہ سلمان کا یمن میں فوری طور پر ہیضے سے بچائو اور روک تھام کے لئے امداد اور ہدایات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہیضے سے بچائو کے لئے مطلوبہ آلات اور 7 لاکھ ادویات اور 5 لاکھ اینٹی بائیوٹک ادویات پر مشتمل 25 ٹرک روانہ کر دیئے گئے ہیں جس سے یمن میں 59 ہزار لوگوں کو علاج کی سہولت فراہم ہو گی ۔

ادویات کی تقسیم ترجیحی بنیادوں پر بیماری کے پھیلائو اور آبادی کی گنجائش کے لحاظ سے کی جائے گی۔ اس سلسلے میں سنٹر کا منصوبہ تشخیص اور علاج سمیت ڈیٹابیس پر مریضوں کی رجسٹریشن کرنا بھی ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی امداد کمیونٹی پر اس سلسلے میں سنٹر کی مہم کی حمایت اور امدادی ٹرکوں پر حملوں سے بچائو پر زور دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :