بحرین میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ‘ 5 افراد ہلاک ‘پولیس نے 286 کو گرفتار کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 24 مئی 2017 15:59

بحرین میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ‘ 5 افراد ہلاک ‘پولیس نے ..
منامہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24مئی۔2017ء) بحرین میں حکومت مخالف مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ پولیس نے 286 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ بحرینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے بحرین کے شہر دراز کا رخ کیا جہاں گزشتہ کئی دنوں سے معروف شیعہ عالم دین شیخ عسیٰ قاسم کے گھر کے باہر مظاہرہ جاری تھا جبکہ اس علاقے کو عدالت سے مفرور ملزمان کے لیے ایک محفوظ مقام سمجھا جاتا تھا۔

بحرینی وزارت داخلہ کے مطابق اس علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے علاقے پر چھاپہ مارا جس کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں 5 مظاہرین ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ بحرینی وزارت داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ ان گرفتار افراد میں دہشت گرد اور سزا یافتہ مجرم بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بحرینی وزارت داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس کے 19 اہلکار بھی اس جھڑپ کے دوران مظاہرین کی جانب سے پھینکے گئے پٹرول بم کی زد میں آ کر زخمی ہوگئے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس اس علاقے کی سیکورٹی اور یہاں کے لوگوں کی حفاظت کے لیے تعینات رہے گی۔ یاد رہے کہ پولیس نے اس علاقے کا دو مہینوں سے محاصرہ کیا ہوا تھا۔دو روز قبل ہی بحرین کی عدالت نے عیسیٰ قاسم کو کرپشن غیر قانونی فنڈز جمع کرنے اور منی لانڈرنگ کے الزام میں سزا سنائی ہے اور انہیں ایک سال کی معطل شدہ سزا سنائی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ بحرینی دینار جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس جون میں بحرین کی حکومت نے عیسیٰ قاسم کی شہریت بھی منسوخ کردی تھی جس کے بعد ان کی ملک بدری کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔اس کے بعد سے عیسیٰ قاسم کے حامی ان کے گھر کے باہر دھرنا دیے بیٹھے ہوئے تھے۔دوسری جانب سعودی عرب نے بحرین حکام کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کا دفاع کیا ہے جس میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔سعودی دفتر خارجہ کے ذرائع نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ بحرین کی سلامتی سعودی سلامتی کا اہم جزو ہے۔

متعلقہ عنوان :