طلباء اور نوجوانوں کی گرفتاریوں سے کشمیریوں کو بھارتی قبضے کیخلاف جدوجہد سے روکا نہیں جاسکتا، دختران ملت

بھارتی سول سوسائٹی آگے آکر بھارتی عوام کو بتائیں جموں وکشمیر پر قبضہ ختم کرنا ہی بھارت کے مفاد میں ہے، ناہیدہ نسرین

بدھ 24 مئی 2017 16:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیر کے طول وعرض میں نوجوانوں اور طلباء کو گرفتا ر کرنے کا نیا سلسلہ شروع کرنے سے بھارت انہیں جابرانہ قبضے کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دختران ملت کی سیکرٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے پورے کشمیر میں چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور ان کارروائیوں کے دوران نوجوانوں اور طلباء کو خاص طورپر نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کشمیر کے ہر گلی کوچے میں بھارت سے آزادی کے نعرے گونج رہے ہیں اور بھارتی قبضے کے خلاف اور آزادی کے حق میں مظاہرے ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ وہ طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے کشمیریوں کی مبنی بر حق آواز کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میںبھارت کے خلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے جو دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور بھارت کے لیے یہ بہتر ہے کہ وہ کشمیر سے جتنا جلد ہوسکے ، نکل جائے۔

ناہیدہ نسرین نے بھارت کی سول سوسائٹی پرزوردیا کہ وہ آگے آکر بھارتی عوام کو بتائیں کہ جموں وکشمیر پر قبضہ ختم کرنا ہی بھارت کے مفاد میں ہے۔ دریں اثناء دختران ملت کی ترجمان نے کہا کہ پارٹی چیئرمین آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کے خلاف درج ایف آئی آر میں ایک بار پھر وہی الزامات دہرائے گئے ہیں جو1993ء سے اب تک ان پر 20 بار کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرتے وقت لگائے جاتے رہے ہیں کہ وہ بھارت سے آزادی چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت اس حقیقت کا سامنا نہیں کرنا چاہتا کہ اس نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ آسیہ اندرابی کے خلاف لگائے گئے الزامات سے واضح ہوجاتا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی آسیہ اندرابی کو آخری سانس تک جیل میں دیکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع مجسٹریٹ نے آسیہ اندرابی کو بارہمولہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا لیکن کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اسے تبدیل کرکے امپھالہ جیل کردیا گیا۔

دختران ملت کی ترجمان نے مظفر آباد میں حریت رہنما ڈاکٹر عبدالاعلیٰ کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندارج خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :