پاکستانی قوم اب کسی سیاسی بازیگر کو اپنے روشن مستقبل سے نہیں کھیلنے دے گی‘شہبازشریف

عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرینگے ،کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دینگے وزیراعلیٰ پنجاب کی خواجہ سعد رفیق سے گفتگو

بدھ 24 مئی 2017 18:50

پاکستانی قوم اب کسی سیاسی بازیگر کو اپنے روشن مستقبل سے نہیں کھیلنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب ٹیک آف کر چکا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا چار سالہ دور شفافیت، دیانت، امانت اور محنت سے عبارت ہے اورترقیاتی منصوبوں کو رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار کا شاہکار ہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے اوراپنے دور میں لوٹ ماراور کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والوں کو عوام اچھی طرح جانتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے ترقی کے مخالف عناصر کی منفی سیاست کو دفن کردیا ہے اور دھرنا سیاست کرنے والوں کو 2018ء میں بھی ناکامی کا سامنا کرنے پڑے گا اور پاکستانی قوم اب کسی سیاسی بازیگر کو اپنے روشن مستقبل سے نہیں کھیلنے دے گی۔ انہوںنے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے اورکسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے ۔