کلبھوشن معاملے میں عالمی عدالت انصاف نے اختیارات سے تجاوز کیا،کسی دہشت گرد کو کونصلیٹ تک رسائی نہیں دی جاسکتی‘ رحمن ملک

پاکستان موقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ، کشمیر،پانی کی بندش اور بنگلہ دیش کو الگ کرنے کا معاملہ بھی عالمی عدالت کے سامنے رکھنا چاہئے حکومت کو سی پیک کی سکیورٹی کیلئے بجٹ مختص کرنا چاہیے،سوشل میڈیا کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے ‘ سابق وزیر داخلہ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 24 مئی 2017 19:06

کلبھوشن معاملے میں عالمی عدالت انصاف نے اختیارات سے تجاوز کیا،کسی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے معاملہ میں عالمی عدالت انصاف نے اختیارات سے تجاوز کیا،معاہدے کے تحت کسی دہشت گرد کو کونصلیٹ تک رسائی نہیں دی جاسکتی ،پاکستان موقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ، کشمیر،پانی کی بندش اور بنگلہ دیش کو الگ کرنے کا معاملہ بھی عالمی عدالت کے سامنے رکھنا چاہئے ،حکومت کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی سکیورٹی کے لیے بجٹ مختص کرنا چاہیے،سوشل میڈیا کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی سوشل میڈیا کے ذریعے کسی سیاسی جماعت کی کردار کشی ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنما فائرہ ملک کی رہائشگاہ پر انکے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مغرب کی جنگ میں دہشت گردی کے خلاف پچاس ہزار لوگوں کی قربانی دیں لیکن ٹرمپ نے ہمارا نام تک نہ لیا ،ٹرمپ کو ٹوئٹر پر احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ وزیر اعظم انکی موجودگی میں خاموش رہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ پیپلزپارٹی نے شروع کیا،حکومت کو سی پیک کی سیکورٹی کے لیے بجٹ مختص کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازل سے دشمن ہے اور رہے گا جبکہ مودی خود دہشت گردوں کا امام ہے ۔انہوں نے کہا کہ کلبھوشن دہشت گرد ہے اسے پھانسی ضرور ہونی چاہئے ،کلبھوشن کے معاملہ میں عالمی عدالت انصاف نے اختیارات سے تجاوز کیا،پاک بھارت معاہدے کے مطابق کسی دہشت گرد کو کونصلیٹ تک رسائی نہیں دی جاسکتی ،بھارت کی جانب سے کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت میں لیجانے پر پاکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے ،کشمیر،پانی کی بندش اور بنگلہ دیش کو الگ کرنے کا معاملہ بھی عالمی عدالت کے سامنے رکھنا چاہئے ۔

رحمن ملک نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک اکائونٹ بنا کر ملکی مفادات کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف ریڈ وارنٹ عدالتی احکامات کی روح سے جاری ہوسکتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں داعش موجود ہے انکے خلاف کارروائی وقت کی ضرورت ہے۔