چکوال، رکن قومی اسمبلی بیگم عفت لیاقت کی حمزہ شہباز شریف سے ملاقات

حلقہ پی پی بیس کے مسائل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا ضلع چکوال کے سترہ لاکھ عوام پر فخر ہے عوام سے انتخابات میں کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے،حمزہ شہباز

بدھ 24 مئی 2017 23:52

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) رکن قومی اسمبلی بیگم عفت لیاقت اور نوجوان مسلم لیگی راہنما چوہدری حیدر سلطان نے ماڈل ٹائون لاہور میں مسلم لیگ ن کے راہنما حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی اور انھیں حلقہ پی پی بیس کے مسائل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا، بیگم عفت لیاقت اور چوہدری حیدر سلطان نے سردار غلام عباس کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کے بارے میں بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا، حمزہ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی تئیس کے ضمنی الیکشن کے جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ حوصلہ افزا ہیں، بیشک ہمیں ضلع چکوال کے سترہ لاکھ عوام پر فخر ہے جنہوںنے ہمیشہ مسلم لیگ ن پر اعتماد کااظہار کیا ہے، انہوںنے بتایا کہ شہباز شریف اور میاں محمد نواز شریف جلد ہی ضلع چکوال کا دورہ کرینگے اور اس ضمن میں جو بھی وعدے 2013ء کے انتخابات میں کیے گئے ہیں وہ پورے کیے جائیں گے، چوہدری سلطان حیدر نے حمزہ شہباز شریف کو یقین دلایا کہ آنیوالے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ امیدوار انشاء اللہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے، بیگم عفت لیاقت نے حمزہ شہباز شریف کو بتایا کہ ایک ارب روپے کا کھائی ڈیم منصوبہ جس سے چکوال شہر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوگی وہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اس سال جولائی میں دو کیوسک پانی چکوال کے شہریوں کو ملنا شروع ہوجائیگا، جس سے چکوال شہر میں پینے کے پانی کا دیرینہ مطالبہ نہ صرف مکمل ہوگا بلکہ اس سے چکوال کے عوام کا مسلم لیگ ن کی حکومت پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔

(جاری ہے)

چوہدری حیدر سلطان نے بتایا کہ دو سو بستروں کے آرٹ آف دی سٹیٹ ہسپتال کی اراضی حاصل کرلی گئی ہے اور بے شک اس ہسپتال کے قیام سے ضلع چکوال کے عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی بھی بہتر طور پر ممکن ہوسکے گی۔