لاہور ہائیکورٹ، دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں میں کمرشل اتاشیوں کی سیاسی بنیادوں پر تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پرفیصلہ محفوظ

بدھ 24 مئی 2017 23:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں میں کمرشل اتاشیوں کی سیاسی بنیادوں پر تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پرفیصلہ محفوظ کر لیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل حافظ طارق نسیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ کمرشل اتاشیوں کی اکیاون کیڈر پوسٹوں پر نان کیڈر اور سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں نہیں کی جا سکتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوٹے کے تحت وفاقی وزارت صنعت و تجارت کے افسران ہی 51میں سے 31نشستوں پر تعیناتیوں کے اہل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان نشستوں پر سیاسی افراد کی بھرتیاں میرٹ کے برعکس ہیں۔وفاقی وزارت صنعت و تجارت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمرشل اتاشیوں کی تعیناتیوں پر جاری حکم امتناعی سے پاکستان کا جی ایس پی پلس کا درجہ اوردنیا بھر میں تجاری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں موجود پاکستانی سفارتخانوں میں کمرشل اتاشیوں کی تعیناتیاں میرٹ اور کوٹے کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔جس پرعدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ (ایم خالد)