Live Updates

سی پیک کی تکمیل سے غربت کا خاتمہ ہو گا اور ملک ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو گا‘رانا محمد اقبال خاں

وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کی خدمات باقی صوبوں کے لیے مشعل راہ ہیں‘سپیکر پنجاب اسمبلی کی یورپی ممالک کے وفد سے گفتگو

بدھ 24 مئی 2017 23:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے یورپی ممالک کے 10رکنی وفد نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔وفد میں یورپی ممالک کے بزنس مین اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔ سپیکر نے وفد کے اراکین کو پنجاب اسمبلی کی تاریخ اور پارلیمانی روایات سے آگاہ کیا ۔

سپیکر نے وفد کے اراکین کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی سے آگاہ کیا ۔وفد کے شرکاء نے پنجاب میں جمہوری روایات کے فروغ اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پنجاب تعلیم ‘ صحت ‘ زراعت ‘ صنعت اور دیگر شعبہ جات میںبے مثال ترقی کر رہا ہے۔صوبہ میں کاروبار کے لیے ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت نے بہترین پالیسیاں وضع کی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کارپنجاب سے اربوں ڈالرز کے معاہدے کر رہے ہیں ۔ پاکستان دنیا بھر میں عزت و و قار کا مقام حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کی خدمات باقی صوبوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں ہے ۔

ہم دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سپیکر نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے غربت کا خاتمہ ہو گا اور ملک ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو گا۔وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوا ہے۔پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے اور عام آدمی کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان دن رات محنت کر رہے ہیں۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر بھی جلد قابو پا لیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ انشاء اللہ عوامی امنگوں کے مطابق ہو گا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات