موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے آگاہی انتہائی ضروری، دنیا کو درپیش اس اہم مسئلے سے انسانی زندگی متاثر ہورہی ہے،عالمی سطح پر درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، متعلقہ سٹیک ہولڈرزموسمی تغیر کے منفی اثرات سے بچائو کیلئے اقدامات اٹھائیں

صوبائی وزیر محنت ومعدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی کا کانفرنس سے خطاب

بدھ 24 مئی 2017 23:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کی وزیر محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے آگاہی انتہائی ضروری ہے کیونکہ دنیا کو درپیش اس اہم مسئلے سے انسانی زندگی متاثر ہورہی ہے اور عالمی سطح پر درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اس لئے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشرے اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز میں اس احساس کا ہونا انتہائی ضروری ہے کہ دیگرامور کے ساتھ ساتھ موسمی تغیر کے منفی اثرات سے بچائو کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

وہ بدھ کو پشاور میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے منعقد ہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں ، کانفرنس کا اہتمام اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی نے کیا تھا جس میں اراکین صوبائی اسمبلی بخت بیدار،وجیح الزمان ،محترمہ معراج ہمایون ،ملک نور سلیم،نوابزادہ ولی محمدخان ،صاحبزادہ ثناء اللہ ا ور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچائو کے سلسلے میں صوبائی اسمبلی کے اراکین کا ایک اہم کردار بنتا ہے اور صوبائی بجٹ سازی میں دیگر شعبوں کو ترجیح دینے کیساتھ ساتھ کلائمٹ فنانسنگ کی طرف بھی توجہ دینا انتہائی اہم ہے۔

کانفرنس سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا زندگی کے ہر شعبہ پراثر پڑتا ہے اور اس اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی اسمبلی کی سطح پر ماحولیات کیلئے الگ قائمہ کمیٹی بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کی اہمیت کے پیش نظر ایک گائیڈ لائن بنانا ضروری ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نبرد آزما ہونے کے منصوبوں کے لئے زیادہ فنانسنگ کی جارہی ہے لہٰذا ہمیں بھی اس اہمیت کو سمجھتے ہوئے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے اور رہتی دنیا کے شانہ بشانہ آئندہ نسلوں کو محفوظ رکھنے کے لئے حتی المقدور کوششیں کرنی ہو ںگی۔

متعلقہ عنوان :