ماسکو میں سیکورٹی کانفرنس کے موقع پرافغانستان ،پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات،ڈیورنڈلائن کے مسائل اور پانی کے وسائل کے انتظام پر بات چیت

پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ڈیورنڈلائن ،علاقائی سلامتی اور سیاسی مسائل پر بحث کے علاوہ دونوں جانب سے دہشتگردوں کی سپلائی روٹس کو بلاک کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،مشیر افغان قومی سلامتی حنیف اتمر

بدھ 24 مئی 2017 23:11

کابل /ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) روس کے دارالحکومت ماسکو میں سیکورٹی کانفرنس کے موقع پرافغانستان ،پاکستان اور بھارت کے مشیر قومی سلامتی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ڈیورنڈلائن کے مسائل اور پانی کے وسائل کے انتظام پر بات چیت کی گئی ۔بدھ کو افغان ٹی وی ’’طلوع نیوز‘‘ کے مطابق افغان قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر کی بھارتی ہم منصب اجیت دوول کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کی توسیع اور افغان قومی دفاع اور سیکورٹی فورسز کی حمایت کیلئے ایک مشترکہ حکمت عملی پر کام کرنے سے متعلق اتفاق کیا گیا۔

حنیف اتمر نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ ملاقات میں دونوں فریقین نے علاقائی سلامتی کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی اور دہشتگرد ی کے خلاف جنگ کیلئے جامع مشترکہ میکنزم پر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اتمر نے بھارتی ہم منصب کو دورہ افغانستان کی دعوت دی اور جون میں قزاقستان میں ہونے والے ایس سی او اجلاس کے موقع پر نریندرمودی اور اشرف غنی کی ملاقات کا بندوبست کرنے کے بارے میں بات چیت کی ۔

بعد ازاں افغان قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر نے پاکستانی ہم منصب ناصر خان جنجوعہ سے بھی ملاقات کی اور کہاکہ انھوںنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ڈیورنڈلائن کے اردگرد مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔حنیف اتمر نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ علاقائی سلامتی اور سیاسی مسائل پر بحث کے علاوہ دونوں قومی سلامتی کے مشیر وں نے دہشتگردوں کی سپلائی روٹس کو بلاک کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :