پاک فضائیہ کے سربراہ کا فارورڈ آپریٹنگ بیس کا دورہ ،مشقو ں کے دوران میراج طیارہ بھی اڑایا

بدھ 24 مئی 2017 23:15

پاک فضائیہ کے سربراہ  کا فارورڈ آپریٹنگ بیس کا دورہ ،مشقو ں کے دوران ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے گلگت بلتستان میں پاک فضائیہ کے ایک فارورڈ آپریٹنگ بیس کا دورہ کیااورایک ایکسرسائز مشن کے دوران میراج طیارہ بھی اڑایا ۔ انکی بیس آمد پرائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ، ائیر وائس مارشل اطہر شمس نے انکا استقبال کیا ۔

ائیر چیف نے کہا کہ قوم کو دشمن کے دھمکی آمیز بیانات سے پریشان نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ پاک فضائیہ ، برّی اور بحری افواج کے ساتھ ساتھ اپنی آپریشنل تیاریوں اور شاندار ہم آہنگی کی وجہ سے ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بحیثیت قوم امن پسند لوگ ہیں لیکن کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو اس کا بھر پور اندازمیں جواب دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ان آپریشنز میں مثالی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کسی بھی بے گناہ کو کوئی گزند نہ پہنچے۔ JF-17تھنڈر طیارے کوِ پاکستان کا مقدر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ بات قابل ذکرہے کہ یہ طیارہ پاکستان نے خود بنایا ہے انہوں نے مزید کہا کہ JF-17 تھنڈر کو جدید عصری تقاضوں کے مطابق بنایا جا رہا ہے اور یہ بات ہم سب کے لئے فخر کا باعث ہے کہ پچھلے دو سالوں سے JF-17تھنڈر کی پیداوار تین گنا بڑھ گئی ہے۔ پاک فضائیہ کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکے جذبے اور پیشہ ورانہ مہار ت کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :