جمہوریت کی بحالی اور استحکام کیلئے عبدالرحیم مندوخیلکی خدما ت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ‘ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ‘ ان کی سیاسی جدوجہد جمہوریت پسند کارکنان کیلئے مشعل راہ ہیں ‘ ان کی وفات سے ملک اہم سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیاہے

قومی اسمبلی میں خورشید شاہ ‘ شیخ آفتاب ، غلام احمد بلور آفتاب شیرپائو‘ شیخ صلاح الدین ‘ مولانا امیر زمان و دیگر کا نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

بدھ 24 مئی 2017 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) ارکان پارلیمنٹ نے رکن قومی اسمبلی عبدالرحیم مندوخیل کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جمہوریت کی بحالی اور استحکام کیلئے ان کی خدما ت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ‘ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ‘ ان کی سیاسی جدوجہد جمہوریت پسند کارکنان کیلئے مشعل راہ ہیں ‘ ان کی وفات سے ملک اہم سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیاہے۔

ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ‘ آفتاب شیرپائو، غلام احمد بلور ‘ شیخ صلاح الدین ‘ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب ‘ مولانا امیر زمان و دیگر نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جبکہ علی رضا عابدی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قدغن لگانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سائبر کرائم قانون کا غلط استعمال بند کیاجائے ‘ کالعدم تنظیموں کی بجائے پڑھے لکھے نوجوانوں کے خلاف سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہاہے‘ رانا حیات نے مطالہ کیا کہ زراعت پر جی ایس ٹی ختم کیاجائے۔

زرعی قرضہ پر شرح سود کم کی جائے ‘ حکومت زرعی شعبے کو اس ظلم سے نجات دلائے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ عبدالرحیم مندوخیل مرحوم کی پاکستان کی جمہوریت اور آمریت کیخلاف بڑی خدمات تھیں ان کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ آخری عمر میں بھی پارلیمنٹ میں آ کر جمہوریت کی بحالی کے لئے خدمات انجام دیں ان کی خدمات جمہوریت پسند کارکنان کیلئے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے بڑی مشکلات اور مصیبتوں کا سامنا کیا اور جیلیں کاٹیں کوٹھریوں میں بند رہے اور خون دے کر جمہوریت کی شمع روشن کی۔ شفقت محمود نے کہا کہ اگر کوئی پارلیمنٹ کارکن فوت ہو جائے تو ان کے لئے وقت مختص کر کے ان کی خدمات یاد کرنی چاہئیں۔ ان کی جمہوریت کے حوالے سے عزم اور لگائو سے انکار نہیں ہو سکتا۔ ان کے افعال جمہوریت کے حوالے سے ان کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کی خدمات پر اپنی جماعت کی طرف سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ غلام احمد بلور نے کہاکہ عبدالرحیم مندوخیل نے جمہوریت کے لئے مصیبتیں برداشت کی لیکن اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے رہے۔ انہوں نے باچا خان کی طرح زندگی گزاری ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ آفتاب شیر پائو نے کہا کہ عبدالرحیم مندوخیل کی کمی ہمیشہ محسو س کی جائے گی۔ وہ ایک دانشور اور پختون رہنما تھے تمام سیاسی جماعتیں ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔

ہمیشہ اپنے مشن پر کاربند رہے اور سادگی کے ساتھ زندگی گزاری۔ صاحبزادہ یعقوب نے کہا کہ ان کی موت پورے ایوان کیلئے بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے ساری زندگی قوم کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ کی۔ پورا ایوان ان کی وفات پر سوگوار ہے۔ ہمیں بھی ان کی طرح اصولوں کو اپنانا چاہیے۔ عبدالقہار نے کہا کہ عبدالرحیم مندوخیل مظلوم عوام کی آواز تھے۔ شیخ صلاح الدین نے کہا کہ وہ ایک بزرگ رہنما تھے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مولانا امیر زمان نے کہا کہ اپنی پارٹی کی جانب سے عبدالرحیم مندوخیل کی جمہوریت کے حوالے سے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تمام عوام ان کے کردار سے خوش تھے۔ بلوچستا ن میں اغواء کے واقعات سامنے آ رہے ہیں وزیر داخلہ ا یکشن لیں۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہاکہ عبدالرحیم مندوخیل ایک چھوٹے صوبے سے ایک بڑی شخصیت تھے ان کی سیاسی خدمات قابل قدر ہیں۔

18 ویں ترمیم میں انہوں نے بڑا نمایاں کردار ادا کیا۔ ملک اہم سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیاہے۔ وہ پور ملک کیلئے مشعل راہ تھے۔ ڈاکٹر اظہر جدون نے کہاکہ ایبٹ آباد موٹر وے کے قریب کی گھروں منتقل کئے گئے ان کے معاوضہ کی ادائیگی کم ہوئی ہے اور اس میں سے 15 فیصد کاٹے جا رہے ہیں جہاں پر گھر منتقل ہوئے ہیں وہاں پر پانی کا مسئلہ ہے۔ ڈاکٹر رمیش لال نے کہاکہ ہمارے ایک سابق سینیٹر کا بیٹا بلوچستان میں اغواء ہوا ہے بلوچستان حکومت کو ہدایت دی جائے کہ جلد از جلد ان کو بازیاب کرایا جائے۔

وزارت داخلہ کے ایک نائب قاصد کو بھی کہا کہ آپ ریٹائر ہو رہے ہیں اگر مر جائیں گے تو آپ کے بیٹے کو بھرتی کیاجائے گا اس نے چھلانگ لگائی اور مر گیا اس معاملے کی انکوائری ہونی چاہیے۔ شیر اکبر نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا مسئلہ ہے۔ لوگ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں سے روزی کماتے ہیں ان گاڑیوں کو مناسب کسٹم ڈیوٹی لے کر قانونی کیاجائے ۔

انتظامیہ گاڑیوں کو سکریپ بنا دیتی ہے ان کو روکا جائے۔ شاہدہ اختر علی نے کہا کہ عبدالرحیم مندوخیل کی جمہوریت کے حوالے سے خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ سرکاری ملازم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے خلا ف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے حوالے سے استحقاق کی تحریک لی جائے۔ نسیمہ حفیظ نے کہاکہ عبدالرحیم مندوخیل ملک اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کا اثاثہ تھے۔

انہوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ علی رضا عابدی نے کہاکہ آج کل سوشل میڈیا پر قدغن لگائی جا رہی ہے۔ نوجوان طبقہ اصلاح کی خاطر لکھتا ہے ایف آئی اے کی جانب سے چھاپوںکی سخت مذمت کرتے ہیں۔ سائبر کرائم بل کو غلط انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ گرفتار کر کے غائب کرنا بند کیا جائے۔ کالعدم تنظیموں جو سوشل میڈیا کو استعمال کر رہے ہیں ان کے خلاف ا یکشن نہیں لی اجا رہا ۔

سیاسی انتقام کیلئے قانون کے استعمال کو بند کیا جائے۔ رانا محمد حیات نے کہا کہ زراعت پر جی ایس ٹی ختم کیا جائے۔ کھاد اور ٹریکٹر پر جی ایس ٹی ختم کیا جائے۔ اس ظلم سے نجات دلائی جائے۔ عبدالستار بانی نے کہاکہ کراچی حیدر آباد موٹر وے پرانے سڑک بہتر کر کے بنایا گیا ہے جو ابھی سے بیٹھنا شروع ہو گیا ہے۔ …(رانا+و خ)