پولیو کے مرض کے خاتمے کیلئے ہم سب مل کر جہاد کررہے ہیں ، ڈپٹی میئر کراچی

بدھ 24 مئی 2017 21:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ پولیو کے مرض کے خاتمے کیلئے ہم سب مل کر جہاد کررہے ہیں اور اسے جڑ سے اکھاڑنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو استعمال کررہے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی 23 سے 27 مئی تک شروع کی جانے والی پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کی مہم میں حکومت سندھ، ڈبلیو ایچ او اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسی شہید اسپتال میں انسداد پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر مختلف کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد انور دیگر شعبہ جات کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج سسٹم کی خرابی کی وجہ سے شہر کے مختلف گنجان علاقوں میں پولیو کے وائرس سیوریج کے پانی میں پائے گئے جوکہ بعد میں شہر کے ماحول میں شامل ہو کر پولیو کے مرض کی موجودگی ظاہر کر رہے ہیں جو کہ انتہائی تشویش ناک ہے، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے چار بڑے اسپتالوں میں انسداد پولیو کے قطرے پلانے کیلئے کیمپس لگائے گئے ہیں ضرورت پڑنے پر مزید اسپتالوں کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائے گا انہوں نے عباسی شہید اسپتال کے شعبے ایمرجنسی میں لگائے گئے انسداد پولیو کیمپ میں مختلف عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے شہریوں سے درخوست کی کہ اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے پانچ سال تک کے بچوں کو لازماً پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں یہ پانچ روزہ مہم شہر کے تمام اضلاع میں شروع کردی گئی ہے انہوں نے عباسی شہید اسپتال کے مختلف شعبہ جات جن میں ای این ٹی، امراض قلب، ایمرجنسی او پی ڈی، الٹرا سائونڈ، نیورولوجی، ڈینٹل سرجری، ہڈی جوڑ، جلد برنس اینڈ پلاسٹک سرجری پتھالوجی، ریڈیو لوجی، میڈیسن اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا او رمریضوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر مریضوں نے مختلف قسم کی گزارشات پیش کیں جس پر ڈپٹی میئر کراچی نے ان کے حل کی یقین دہانی کرائی، اسپتال میں صفائی ستھرائی کے لئے انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صورتحال کو بتدریج بہتر کیا جائے اور اس پر خصوصی توجہ دی جائے ، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے پروموشن اور دیگر مراعات کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں فنڈز کی کمی کی وجہ سے بے شمار مسائل کا سامنا ہے اس کے باوجود ہم حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے شعبے میں ادویات، طبی سہولتوں اور دیگر کاموں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :