فیصل آباد، نشہ کی لعنت نوجوان نسل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ، ڈپٹی کمشنر سلمان غنی

بدھ 24 مئی 2017 21:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) نشہ کی لعنت نوجوان نسل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے جس کے خلاف جہاد کے لئے معاشرے کے ہرفرد کوآگے آنا چاہیے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے نڑوالا روڈ پر ولی پورہ میں الحمراویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام مسرت بحالی مرکز برائے انسداد منشیات کا دورہ کرنے کے بعد وہاں زیر علاج نشے کے عادی افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

محکمہ صحت کے ڈاکٹربلال احمد،ٹرسٹی جنید یوسف،محمد اشفاق احمد مانگٹ،ملک نذیر احمد،ڈاکٹر اسلم لودھی،ڈاکٹرعبدالوہاب،ملک طارق شیخ کاشف ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے نشہ کے عادی افراد کی بحالی اور فلاح وبہبود کیلئے فلاحی خدمات کو عظیم نیکی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی وجہ سے نشے کی علت میں مبتلا افراد کا ہاتھ تھام کر انہیں راہ راست پر لانا معاشرے کی گرانقدر خدمت ہے کیونکہ نشے کی دلدل میں پھنسے ہوئے افراد نہ صرف اپنے خاندان پر بوجھ ہیں بلکہ یہ معاشرے کے لئے بھی بدنامی اور ذلت و رسوائی کا باعث ہیں جن کی بحالی کاکام کسی بھی عبادت سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشہ کے عادی افراد سے کہا کہ وہ صحت یاب ہو کر مفید زندگی بسر کریں اور آئندہ خود بھی نشہ سے توبہ کریں اوردوسروں کو بھی اس لعنت کی طرف نہ آنے دیں۔ڈپٹی کمشنر نے مسرت بحالی مرکز میں نشہ بازوں کی بحالی کے لئے دستیاب سہولیات کو سراہا اور ضلعی انتطامیہ کے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ نشہ کے عادی افراد کی بحالی کے لئے کام کرنے والے فلاحی اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر نے نشہ بازوں کے علاج کے لئے وارڈز،روحانی تربیت کے لئے مختص شعبے،کچن اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر بتایاگیا کہ اس بحالی مرکز کے لئے چیئرمین الحمرا ٹرسٹ محمد ارشد اچھی بھائی نے چار کروڑ روپے کا عطیہ فراہم کیاہے جس میں مقامی نشہ بازوں کے علاوہ ملتان،وہاڑی،رحیم یار خاں،سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،گوجرہ،جڑانوالہ اوردیگردوردراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے نشے کے عادی افراد زیر علاج ہیں جس کی مستقبل میں پانچ سو بیڈ تک توسیع کا ارادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :