مریم نواز کیلئے وزارت عظمیٰ کی بات کرنا قبل ازوقت ہے: سعد رفیق

بدھ 24 مئی 2017 23:31

مریم نواز کیلئے وزارت عظمیٰ کی بات کرنا قبل ازوقت ہے: سعد رفیق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر ضروری ہے ،پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے اس پر وزیراعظم سمیت کوئی بھی اثر انداز نہیں ہوسکتا،میرے خیال میں پرویز رشید ڈان لیکس کے ذمہ دار نہیں تھے ،مورخ ڈان لیکس سے غداروں کا فیصلہ کرے گا ، ملک میں سب سے زیادہ نا انصافیاں سیاستدانوں کیساتھ ہوئیں ،اعتزاز احسن کو شریف فیملی کا فوبیا ہوگیا ہے ، مریم نواز کیلئے وزارت عظمیٰ کی بات کرنا قبل ازوقت ہے ۔

وہ بدھ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پر الزامات اور مطالبات پرانے ہیں جبکہ مخالفین بدلتے رہتے ہیں ان سے استعفے کا مطالبہ غیر ضروری ہے ، استعفے کی کہانی طاہر القادری نے شروع کی ،پھر عمران خان نے چلائی اور آج کل یہ کہانی پیپلزپارٹی چلا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پانامہ لیکس کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے ،وزیراعظم ہو یا کوئی اور وہ جے آئی ٹی پر اثر نہیں ڈال سکتا ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ میری نظر میں پرویز رشید نے غلطی نہیں کی تھی مگر جمہوریت میں ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں ، ڈان لیکس کا مسئلہ حل ہو گیا ہے یہ ایشو جنرل قمر باجوہ نہیں بلکہ جنرل راحیل کے وقت کا تھا اور اس میں مریم نواز کا روز اول سے کوئی ذکر نہیں ہے ،اعتزاز احسن کو شریف فیملی کا فوبیا ہوگیا ہے ، مورخ ڈان لیکس کے کرداروں کا فیصلہ کردے گا ،میاں نوازشریف کیساتھ انصاف نہیں ہوا ،ملک میں سب سے زیادہ ناانصافیاں سیاستدانوں کے ساتھ ہوئیں ، جے آئی ٹی پر ہمارے تحفظات قانونی ٹیم سامنے لائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات تیزی سے سنے گئے جبکہ عمران خان کے خلاف مقدمے کی بات کرنے کی بھی پابندی ہے ، مقدمات میں ہمارا میڈیا ٹرائل بھی ہوتا رہا ۔ سعد رفیق نے کہا کہ مریم نوازکیلئے وزارت عظمیٰ کی بات کرنا قبل ازوقت ہے ،سوشل میڈیا پر مذہب کو ٹارگٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے ، اظہار رائے کی آزادی کے نام پر گالی دینا قبول نہیں ۔