کلبھوشن کیں میں عالمی عدالت انصاف نے اختیارات سے تجاوز کیا-رحمان ملک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 25 مئی 2017 12:13

کلبھوشن کیں میں عالمی عدالت انصاف نے اختیارات سے تجاوز کیا-رحمان ملک
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25مئی۔2017ء) سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے معاملہ میں عالمی عدالت انصاف نے اختیارات سے تجاوز کیا، پاک بھارت معاہدے کے مطابق کسی دہشت گرد کو کونصلیٹ تک رسائی نہیں دی جاسکتی ، کلبھوشن دہشت گرد ہے ،پھانسی ضرور ہونی چاہئے۔ لاہور میں پیپلز پارٹی رہنما فائزہ ملک کے گھرپرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پپپلز پارٹی کے راہنما رحمان ملک نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت میں لیجانے پر پاکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے، کشمیر،پانی کی بندش اور بنگلہ دیش کو الگ کرنے کا معاملہ بھی عالمی عدالت کے سامنے رکھنا چاہئے، پاکستان کا مقدمہ لڑنے والوں کی ناکامی ہے۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کلبھوشن دہشت گرد ہے اسے پھانسی ضرور ہونی چاہئے مودی خود دہشت گردوں کا امام ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک اکاونٹ بنا کر ملکی مفادات کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، الطاف حسین کے خلاف ریڈ وارنٹ عدالتی احکامات کی روح سے جاری ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مغرب کی جنگ میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے پچاس ہزار لوگوں کی قربانی دی، ٹرمپ نے ہمارا نام تک نہ لیا ٹرمپ کو ٹویٹر پر احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ وزیر اعظم انکی موجودگی میں خاموش رہے، جس سے پاکستان کے عوام کی دلشکنی ہوئی انکی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان میں داعش موجود ہے انکے خلاف کارروائی وقت کی ضرورت ہے۔