رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معیشت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہی ،اسحاق ڈار

جمعرات 25 مئی 2017 17:38

رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معیشت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی بصیرت انگیز قیادت، جامع اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے اور پالیسیوں کے تسلسل کی بدولت رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معیشت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس سال حقیقی جی ڈی پی کی شرح 10برسوں میں بلند ترین5.28فیصد رہی۔

انہوں نے اس بات کا اظہار پاکستان اکنامک سروے 2016-17ء کے دیباچہ میںکیا جو جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران جاری کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت 2013-14ء سے مضبوط اور پائیدار بحالی کی راہ پر گامزن ہے جو آنے والے برسوں میں بھی جاری رہے گی، بیشتر اقتصادی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی اقتصادی بنیادیں مستحکم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران زرعی شعبہ میں ٹھوس بحالی دیکھنے میں آئی ہے۔ اسی طرح خدمات کے شعبہ میں بھی نمایاں بحالی ہوئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی و سماجی محاذ پر شاندار کامیابیوں کے باوجود بیرونی محاذوں پر برآمدات میں کمی جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ حکومت ان چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم کی طرف سے برآمدی شعبہ کے لئے مراعات سمیت مختلف موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے مثبت نتائج ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، 19سال کے وقفے کے بعد مردم و خانہ شماری شروع کی گئی ہے جو معیشت کے مختلف شعبوں میں ضروریات کے حقیقی تخمینوں کے لئے بنیاد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا محور ہے جو مختصر عرصے میں حاصل ہونے والی معیشت کی شاندار کارکردگی کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں شامل کی گئی ہے جو عالمی معیشت میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی علامت ہے۔

متعلقہ عنوان :