لاڑکانہ ، رمضان المبارک میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کیلئے رینجرز سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ

جمعرات 25 مئی 2017 18:02

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) لاڑکانہ پولیس نے رمضان المبارک کے دوران امن امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے سکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے اضافی پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے سمیت رینجرز سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ عمر طفیل کی صدارت میں گذشتہ روز ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کا اجلاس ہوا جس میں اے ایس پی سٹی ڈاکٹر عمران پٹھان نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ایس ایس عمر طفیل نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حدود میں اہم شاہراؤں اور روڈوں پر گشت میں اضافہ کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو یقینی بنائیں جبکہ ضلع کے اندر تمام سماجی برایوں کو ختم کرکے امن امان کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی تراویح کے دوران مساجد اور دیگر عبادتگاہوں سمیت بازاروں کی سکیورٹی کے خاص انتظامات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران مختلف مقامات پر 10 پولیس رپورٹنگ سینٹر، 100 اضافی پولیس چیک پوسٹس اور ساتھ ہی ساتھ 500 اضافی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ اس سلسلے میں رینجرس سے بھی مدد لے جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف اہم روڈوں اور بازاروں کو خفیہ کیمروں کے ذریعے مانیٹر کریں گے اور ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔