پاسڈیک اور سٹیٹ بنک آف پاکستان ملک کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کو ,,سرمایہ تک رسائی،، دینے کیلئے کوشاں ہیں، زاہد مقصود شیخ

جمعرات 25 مئی 2017 18:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر پاسڈیک زاہد مقصود شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک)اور سٹیٹ بنک آف پاکستان ملک کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کو ,,سرمایہ تک رسائی،، دینے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ یہ شعبہ بھی دیگر صنعتوں کی طرح بنکوں سے سرمائے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکے۔ وہ بنکنگ سیکٹر اور ماربل انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز کے ایک اجلاس میں اظہار خیال کررہے تھے۔

انہوں نے ملک کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کی حقیقی استعداد کو تسلیم کرانے میں سٹیٹ بنک کے کردار کو سراہا اور سیکٹر کی استعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ قدرت نے پاکستان کو اندازاً تین سو ارب ٹن سے زائد ماربل اور گرینائٹ کے ذخائر عطا کر رکھے ہیں اور ملک میںتقریباً چار ہزار چھوٹے اور درمیانہ درجے کے کاروبارہیں جنہیں مالیاتی اداروں کی جانب سے مالی سہولت میسر نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید بتایا کہ سیکٹر کی ترقی کی راہ میں حائل وجوہات میں ایک بڑی وجہ مالی سہولت تک رسائی نہ ہونا ہے۔اس طرح یہ شعبہ بین الاقوامی مارکیٹ کو بھی بروئے کار لانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ سیکٹر کی ترقی کیلئے بنکوں کو اپنا سرگرم کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے بنکوں اور انڈسٹری کو قابل عمل کاروباری ماڈل اور مصنوعات کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے ماربل اور گرینائٹ کی لیزز کی مالی قدر ، حاضر سٹاک اور اثاثہ جات کو کریڈٹ کی سہولت کے عوض ضمانت کے طور پر قبول کرنے پر زور دیا۔ اجلاس میں بنکوں، سٹیک ہولڈرز اور پاسڈیک پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویزپیش کی گئی ۔ کمیٹی سفارشات مرتب کرنے اور سیکٹر کو بنکوں کیلئے قابل قبول بنانے کیلئے کام کرے۔ کمیٹی کے ارکان ماربل اور گرینائٹ کی لیزز، سکوائر بلاکس، سلیب کی مالی قدرکے تعین کیلئے ایک منصوبہ تشکیل دیںتاکہ کریڈٹ کی سہولت کے عوض اسے ضمانت کے طور قبول کیا جائے۔

شرکاء اجلاس نے پاسڈیک اور سٹیٹ بنک کی تعریف کی کہ جن کی کوششوں کے باعث شرکاء کو ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کی حقیقی استعداد کو سمجھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے سیکٹر کیلئے موزوں پراڈکٹس تیار کی جائیں گی۔ اجلاس میں 21 بنکوں کے سینئر حکام کے علاوہ سیکٹر کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :