زرعی شعبہ کی کار کردگی میں نمایاں اضافہ ،ْگندم رواں سال 25.75ملین ٹن پہنچ گئی

حکومت زرعی شعبہ کی کارکردگی میں مزید اضافہ کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے ،ْوزیر خزانہ اسحاق ڈار کپاس کی 9.92 ملین گانٹھ کے مقابلے میں پیداوار 10.7 ملین گانٹھ تک بڑھی ہے ،ْ وزیر خزانہ

جمعرات 25 مئی 2017 19:26

زرعی شعبہ کی کار کردگی میں نمایاں اضافہ ،ْگندم رواں سال 25.75ملین ٹن پہنچ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) رواں مالی سا ل کے دور ان زرعی شعبہ کی کار کردگی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ،ْگندم رواں سال 25.75ملین ٹن پہنچ گئی ۔ جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایاکہ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں کاشتکاروں کے لئے 341 ارب روپے کے کسان پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا جس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہونا شروع ہو گئے ہیں اور زرعی شعبہ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ مجموعی قومی معیشت کے 20 فیصد کے مساوی ہے جو 65 فیصد دیہی افرادی قوت کو روزگار فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم، چاول، گنا اور مکئی بڑی فصلیں ہیں جن کی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران گندم کی پیداوار 25.63 ملین ٹن تھی جو رواں سال 25.75 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبہ کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2013-14ء کے دوران چاول کی پیداوار میں 6.8 فیصد کا اضافہ ہوا تھا جبکہ رواں مالی سال کے دوران اس کی پیداوار میں 6.89 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح گزشتہ سال مکئی کی پیداوار 5.27 ملین ٹن تھی جو رواں سال 6.13 ملین ٹن تک پہنچ چکی ہے۔ کپاس کی 9.92 ملین گانٹھ کے مقابلے میں پیداوار 10.7 ملین گانٹھ تک بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کپاس کی پیداوار میں اضافہ کے لئے جامع اقدامات کر رہی ہے تاکہ قومی ضروریات کے لئے 14 ملین بیلز کی پیداوار حاصل کی جا سکے اور روئی کی درآمدات میں کمی کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کو بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبہ کی کارکردگی میں اضافہ کے لئے کاشتکاروں کو فراہم کئے جانے والے قرضوں کے حجم میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ مالی سال 2012-13ء کے دوران زرعی شعبہ کو 336 ارب روپے، مالی سال 2013-14ء کے دوران 391 ارب روپے، مالی سال 2014-15ء کے دوران 516 ارب روپے، مالی سال 2015-16ء کے دوران 600 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے جبکہ رواں مالی سال کے لئے زرعی شعبہ کو قرضوں کے اجراء کا ہدف 700 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے مالی سال میں جولائی سے مارچ کے دوران زرعی شعبہ کو 231 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے تھے جو جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 473 ارب روپے تک بڑھ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :