فیصل صالح حیات کے ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے کے بعد پنجاب میں پیپلزپارٹی کی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں

جمعرات 25 مئی 2017 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2017ء) سابق وزیر داخلہ مخدوم سید فیصل صالح حیات کے ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے نتیجے میں صوبہ پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں۔مخدوم سید فیصل صالح حیات کا پروگرام تھا کہ عرس شاہ جیونہ کے بعد صوبے بھر کا دورہ کریں گے اور پیپلزپارٹی کے سابق جیالوں کو دوبارہ متحرک کریں گے لیکن المناک ٹریفک حادثہ کے نتیجے میں یہ تمام پروگرام منسوخ کردئیے گئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے صوبہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو دوبارہ زندہ کرنے اور صوبے میں پارٹی کو متحرک کرنے کا ٹاسک فیصل صالح حیات کے سپرد کیا تھا۔مخدوم فیصل پیپلزپارٹی کے بانی رہنماؤں میں سے ہیں جنہوں نے ضیاء الحق کے آمرانہ دور میں پارٹی کی خاطر صعوبتیں برداشت کیں لیکن بعد میں پیپلزپارٹی کو غیر جیالا فورسز نے ہائی جیک کرلیا تھا جس کے نتیجہ میں متعدد بانی رہنماء پارٹی کو خیرباد کہہ گئے تھے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری کے متحرک ہونے کے بعد بانی رہنما دوبارہ جماعت میں شامل ہو رہے ہیں۔فیصل صالح حیات ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے کے بعد تیزی سے روبصحت ہو رہے ہیں اور بہت جلد اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے اور منصوبے کے تمام اضلاع کا دورہ کرکے جیالوں کو متحرک کریں گی۔(ولی/رانا مشتاق)