قائمہ کمیٹی چیئرمین کا ضلع کرک میںلواغر ڈیم کی10کروڑ روپے لاگت کے منصوبہ آبنوشی کا معائنہ

جمعرات 25 مئی 2017 20:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) خیبر پختونخوااسمبلی کے قائمہ کمیٹی برائے آبنوشی کے ذیلی کمیٹی کے چیئرمین گل صاحب خان خٹک نے کمیٹی کے رکن محمد ادریس خان ایم پی اے ، محکمہ آبنوشی کے چیف انجینئر،سپرنٹنڈنگ انجینئرکوہاٹ اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ ضلع کرک میںلواغر ڈیم کی10کروڑ روپے لاگت کے منصوبہ آبنوشی کے مختلف حصوںجن میںڈسٹری بیوشن سسٹم ،فلٹریشن پلانٹ اور 8انچ قطر کے خدہ بانڈہ اور6انچ قطر کے چوکارہ پوائنٹس، شامل ہیں کاتفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں دریافت کیا۔

انہیں بتایاگیا کہ مذکورہ منصوبہ سے 41کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی گئی ہے اور 95فیصد رقم خرچ کی جا چکی ہے تاہم منصوبہ اب تک پوری طرح فعال نہیں ہے کیونکہ منصوبے کی دیکھ بال کے لئے مطلوبہ عملہ ہی میسر نہیں اورآج اسے کمیٹی کے ارکان کے لئے صرف تجرباتی بنیادوں پر شروع کیاگیا تاکہ اگر سکیم میں کوئی کمی یا خامی ہوتو اسے دور کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہیں مزید بتایا گیا کہ مکمل آپریشن سے پہلے پانی کے فلٹریشن پلانٹ اور آخری سرے تک تمام پوائنٹس پر لیبارٹری ٹسٹ کیا جائے گا۔

اس موقع پربعض معمولی بے قاعدگیوں کے ساتھ ساتھ کمیٹی کے نوٹس میں یہ بات بھی لائی گئی کہ سراج خیل میں تنازعہ کی وجہ سے 2ہزار فٹ پائپ لائن اب تک نہیںبچھائی گئی ہے جبکہ شادی خیل میں غیر قانونی کنکشنز کی وجہ سے پانی کی سپلائی نہیں ہورہی محکمہ آبنوشی کو ہدایت کی گئی کہ وہ منصوبے کی دوبارہ مکمل پیمائش کرے اورسراج خیل اور شادی خیل کامسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔

کمیٹی نے یہ بات بھی نوٹ کی کہ بعض کنٹریکٹرز کو ایکسٹرا ایکسکویشن دی گئی ہے جس پر کمیٹی کے چیئرمین نے محکمے کے حکام کو سختی سے ہدایت کہ کنٹریکٹر سے فوری طور پراس کی ریکوری کی جائے اوربے قاعدگیوں اور ریکوری سمیت مذکورہ تمام معاملات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے 45دن کے اندر اندرقائمہ کمیٹی کو پیش کی جائے۔محکمہ پر واضح کیا گیا کہ عوامی اہمیت کے اس اہم مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ ہو گا اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیریا کوتاہی برداشت کی جائے گی۔ انہیں خبردار کیا گیاکہ بے قاعدگیوں اور تاخیرکے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :