پاناما کیس‘ جے آئی ٹی نے حسین نواز کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا

جے آئی ٹی نے نوٹس میں حسین نواز سے اثاثوں سے متعلق سوالات پوچھے ہیں‘ حسین نواز سے لندن فلیٹ، جدہ سٹیل ملز اور دبئی فیکٹری سے متعلق سوالات بھی پوچھے گئے ہیں

جمعرات 25 مئی 2017 21:12

پاناما کیس‘ جے آئی ٹی نے حسین نواز کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2017ء) پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کو طلب کر لیا۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کو پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

جے آئی ٹی نے نوٹس میں حسین نواز سے ان کے اثاثوں سے متعلق سوالات پوچھے ہیں۔ حسین نواز سے لندن فلیٹ، جدہ سٹیل ملز اور دبئی فیکٹری سے متعلق سوالات بھی پوچھے گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اپنے دو ممبران پر اٹھائے گئے اعتراضات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔گزشتہ دنوں حسین نواز کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو دی گئی تحریری درخواست میں پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے دو ارکان پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

حسین نواز کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں سٹیٹ بنک کے نمائندہ عامر عزیز اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے نمائندہ بلال رسول پر اعتراضات اٹھائے گئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان اراکین کے سابق صدر پرویز مشرف اور تحریک انصاف سے تعلقات ہیں۔ رجسٹرار آفس سے استدعا کی گئی ہے کہ حسین نواز کی اعتراضات پر مبنی درخواست کو خصوصی بینچ کے سامنے سماعت کے لئے مقرر کیا جائے اور سٹیٹ بنک اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے نمائندوں کی جگہ نئے ممبران کو شامل کیا جائے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ 20 اپریل کو سناتے ہوئے معاملے ?ی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا تھا جو 60 روز میں تحقیقات مکمل کر کے اپنی حتمی رپورٹ سپریم کورٹ کے بینچ کے سامنے جمع کرائے گی۔