صوبائی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، صوابی کو گیس کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر 48کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں، پی کے 35اوراین ای13 کیلئے 50کروڑروپے کی خطیر لاگت سے 13نئے بجلی فیڈرز قائم ہوئے ہیں

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرکا افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 23:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔حکومت بجلی وگیس کے منصوبوں کیلئے صوبائی خزانے سے خطیر فنڈز فراہم کر رہی ہے تاکہ عوام کودرپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

ضلع صوابی کو گیس کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر 48کروڑ روپے ریلیز کر دیئے گئے ہیں جبکہ پی کے 35 اور این ای میں 50کروڑروپے کی خطیر لاگت سے 13نئے بجلی فیڈرقائم ہوئے ہیں اور مرغزٹھنڈکوئی اور اُتلہ فیڈرکا افتتاح بھی جلد کیا جائے گا۔وہ جمعرات کو صوابی میں بام خیل باجا فیڈرکی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرممبر قومی اسمبلی عاقب اللہ خان ،تحصیل نا ظم ٹوپی سہیل یوسفزئی اور پی ٹی آئی کے ضلعی رہنماحاجی رنگیزخان کے علاوہ ڈسٹرکٹ وتحصیل ممبران بھی موجود تھے ۔قبل ازیں سپیکر اسد قیصر نے گدون انڈسٹریل گرڈاسٹیشن میں بام خیل باجابجلی فیڈر کا بٹن دباکر باقاعدہ افتتاح کیا ۔اس موقع پر واپڈا کے حکام نے سپیکر کو نئے فیڈرکے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

تقریب سے اپنے خطاب میں سپیکر اسد قیصر نے بام خیل باجا فیڈر کے قیام پر علاقے کے عوام کومبارکباددی اور پی ٹی آئی کی ضلعی تنظیم کی کاؤشوں کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ علیحدہ فیڈر کے قیام سے جہاںعلاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا وہاں کم وولٹیج اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا ۔اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت روزاول سے بجلی اور گیس کی فراہمی کیلئے وفاق سے مطالبہ کرتی رہی لیکن صوبائی خزانے سے فنڈزفراہم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود وفاقی اداروں نے کوئی تعاؤن نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مجبوراًاس سلسلے میں عدالت سے رجوع کیا گیا اور ہائی کورٹ نے محکمہ سوئی گیس کو NA-13کے تمام دیہاتوں کو گیس فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ سپیکر نے کہا کہ سیا سی مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر آئے روزصوبائی حکومت کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ انتخابات قریب آتے ہی سیاسی مداری روزنیاتماشہ لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ عوام پر ان کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے اور وہ اب مزید ان کے فریب میں نہیں آئیں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کرکے نئی روایات کو پروان چڑھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح صوابی کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں بھی بھر پور اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کو اپ گریڈ کرکے سی پیک کا حصہ بنانے سمیت کرنل شیر خان انٹر چینج کے مقام پر انڈسٹریل زون اور انٹرنیشنل سٹیڈیم کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا جس سے روزگا ر کے بھر پور مواقع فراہم ہوںگے ۔

سپیکر نے کہا کہ بام خیل میں 120کنال پر محیط سپورٹس کمپلیکس پر کام تکمیل کے مراحل میں اور آئندہ چندماہ میں اس کا افتتاح کر دیا جائے گا ۔اس موقع پر سپیکر نے علاقے کے عوام کے پرزور مطالبے پر کچکول بانڈہ میں گرلز پرائمری سکول ،لالوڈھیری کے بوائز مڈل سکول کو ہائی اور باجا گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دینے کے علاوہ سکولوں کی اپ گریڈیشن کیلئے 1ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے فراہم کرنے کے ساتھ بام خیل میں ایک کلومیٹر روڈ کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا ۔تقریب سے ایم این اے عاقب اللہ خان اور پی ٹی آئی کے ضلعی رہنماحاجی رنگیز خان کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔