حکومتی ادارے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل اور کاوشیں بروئے کار لائیں گے،میڈیا تنقید برائے اصلاح کی پالیسی کو اختیار کرے ہم اس کا خیر مقدم کریں گے،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا ملتان میں نجی چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 23:49

حکومتی ادارے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل اور کاوشیں بروئے کار لائیں ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جو عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میںاہم کردار ادا کررہا ہے۔ میڈیا معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے۔الیکٹرانک میڈیا کے آنے سے اطلاعات کی فراہمی میں تیزی اور جدت آئی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی پیشہ وارانہ اور سماجی ذمہ داریوں کو بھی سمجھنا ہوگاکہ کوئی بھی ایسی اطلاعات جو معاشرے میں بے چینی کا باعث بنے اس سے اجتناب کیا جائے۔

تمام خبروں کو تحقیق اور درست صحت کے ساتھ نشر کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان میں نجی چینل کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میڈیا کے حوالے سے ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

ہم سب اس دھرتی کے مقروض ہیں اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرتے ہوئے اپنی دھرتی کا قرض اتارنا ہے اور میڈیا علاقائی مسائل اور عوام کی شکایات کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

حکومتی ادارے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل اور کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔میڈیا تنقید برائے اصلاح کی پالیسی کو اختیار کرے ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہاکہ میڈیا کو چاہئے کہ وہ حکومت کی طرف سے عوامی فلاح و بہبود اور خدمت کے منصوبوں کو بھی اجاگرکرے۔ ہم جب دنیا کے سامنے اپنے ملک کے مثبت پہلو کو اجاگر کریں گے تو پوری دنیا میں ہمارا وقار بلند ہوگا۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس میں تعلیم اور صحت کے شعبے سرفہرست ہیں۔ملتان میں محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی، محمد نواز شریف انجینئرنگ یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی اور اب نشتر کالج کو میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔اسی طرح رحیم یار خان میں خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ، ڈیرہ غازی خان میں غازی یونیورسٹی اور غازی میڈیکل کالج کا قیام، جنوبی پنجاب میں تقریباً ہر ضلعی ہیڈکوارٹر کی سطح پر سرکاری یونیورسٹیوں کے سب کیمپس قائم کئے گئے ہیں جو کہ اعلیٰ تعلیم کی طرف بہت اچھی پیش رفت ہے۔

اسی طرح صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام ہاسپٹلز میں جدید میڈیکل آلات کی فراہمی، نئے وارڈز اور بلڈنگز کی تعمیر، ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن جیسے اہم منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جس سے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بہت بہتری آئی ہے۔ میڈیا کو چاہئے کہ وہ معاشرے میں ہونے والے ترقی اور اس مثبت تبدیلی سے عوام کو آگاہ کرے۔