شادی بیاہ کی تقاریب،جہیز اور عروسی تحائف کے لئے قانون سازی اور مناسب طریقہ کار طے کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی کی قائم کردہ سلیکٹ کمیٹی کا اجلاس، سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

جمعرات 25 مئی 2017 23:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2017ء) شادی بیاہ کی تقاریب،جہیز اور عروسی تحائف کے لئے قانون سازی اور مناسب طریقہ کار طے کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی کی قائم کردہ سلیکٹ کمیٹی کا ایک اجلاس سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان کے صدارت میںجمعرات کے روز پشاور میں منعقد ہوا ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی اراکین صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک ،سید محمد علی شاہ ،عبید اللہ مایار ،معراج ہمایون ،نسیم حیات،صوبیہ ،راشدہ رفعت ،عظمیٰ خان کے علاوہ سیکرٹری صوبائی اسمبلی امان اللہ خان ڈپٹی سیکرٹری کفایت اللہ اور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں معراج ہمایون کی زیر صدرات سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ سب کمیٹی تمام مکتبہ فکر اور علماء کرام کی مشاورت سے سفارشات اور تجاویز مرتب کرکے انہیں دو ہفتے کے اندر سلیکٹ کمیٹی کو پیش کرے تاکہ موثر او ر قابل عمل قانون سازی عمل میں لائی جاسکے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور ہمیں اپنی ذاتی خواہشات کی تکمیل کی بجائے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوناچاہئیے اور اسلامی اصولوں پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لئے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنی چاہیئے کیونکہ معاشرے کی مسائل کے حل کے لئے شعور کی بیداری بھی انتہائی ضروری ہے۔عنایت اللہ نے کہا کہ جب تک ہم اپنی زندگی میں سادگی اختیار نہیں کرتے اور دوسروں کے حقوق کا خیال نہیں رکھتے تو موثر قانون سازی کے باوجود بھی حالات جوں کے توں رہیں گے لہٰذا متعلقہ اداروں کو عام لوگوں میں شعور کی بیداری پر بھی توجہ دینی چاہیئے ۔